'مصیبت کبھی اکیلے نہیں آتی'، جنوبی افریقہ سخت مشکل میں

0 1,059

کہتے ہیں کہ "مصیبت کبھی اکیلے نہیں آتی"، سالوں تک ٹیسٹ کرکٹ میں فتوحات کے مزے لوٹنے والا جنوبی افریقہ متحدہ عرب امارات پہنچتے ہی نہ صرف پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ ہار گیا بلکہ اب جبکہ اسے دوسرے و آخری ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار ہے، دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہاشم آملہ اور نمبر ایک باؤلر ڈیل اسٹین اس کا ساتھ چھوڑتے نظر آ رہے ہیں۔ پھر بھی ٹیم کے اہم رکن ابراہم ڈی ولیئرز کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ نے سیریز بچانے کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

دنیا کے نمبر ایک بلے باز اور گیندباز کی عدم موجودگی سے جنوبی افریقہ کو سخت دھچکا پہنچے گا (تصویر: AFP)
دنیا کے نمبر ایک بلے باز اور گیندباز کی عدم موجودگی سے جنوبی افریقہ کو سخت دھچکا پہنچے گا (تصویر: AFP)

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک جنوبی افریقہ کی بادشاہت کو تو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور پاکستان کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست بھی اسے نیچے نہیں لا سکتی لیکن زمبابوے کے خلاف شکست کھانے والے پاکستان کے ہاتھوں ہارنا بلند حوصلہ جنوبی افریقہ کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب پروٹیز خود کو سنبھال اور تول رہے ہیں اور 23 اکتوبر سے شروع ہونے والے دوسرے معرکے کی تیاری کر رہے ہیں۔

گلوبل کرکٹ اکیڈمی، دبئی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین ابراہم ڈی ولیئرز نے تسلیم کیا کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہمیں چند غلطیوں کا نتیجہ شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ یہ ایک انتہائی غیر متوقع شکست تھی کیونکہ طویل عرصے سے ہمیں کوئی ٹیم نہیں ہرا پائی تھی۔

ڈی ولیئرز نے کہا کہ ہم دوسرے ٹیسٹ میں آسان حریف ثابت نہیں ہوں گے بلکہ مقابلہ جیت کر سیریز کو برابری پر ختم کریں گے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ ابوظہبی میں ہمیں ذوالفقار بابر نے کافی پریشان کیا، جو اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے۔ ہم نے ذالفقار کی باؤلنگ کی وڈیوز دیکھ کر ان پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میں ان سے نمٹ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے لیے ہمیں ادراک کرنا ہوگا کہ ہم عالمی نمبر ایک ہیں اور یہی احساس ہمیں دوسرا مقابلہ جتوا سکتا ہے۔

تیز گیندباز ڈیل اسٹین کے حوالے سے ڈی ولیئرز نے کہا کہ اسٹین کو کوئی انجری لاحق نہیں، وہ مکمل طور پر فٹ ہیں تاہم دوسرے ٹیسٹ میں کون کھیلے گا؟ اس کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ کرے گی۔

واضح رہے کہ ہاشم آملہ دوسرے بچے کی ولادت کی وجہ سے وطن واپس چلے گئے ہیں جبکہ ڈیل اسٹین بائیں ران میں تکلیف کی وجہ سے پیر کو تربیتی سیشن میں شریک نہیں ہو رہے۔ وہ اتوار کو بھی تربیتی سیشن ادھورا چھوڑ گئے تھے۔

جنوبی افریقہ کے ٹیم مینیجر محمد موسیٰ جی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی مستند بات کل ہی کی جا سکے گی، ہمیں اسٹین کی انجری کی نوعیت جاننے میں ایک دن لگے گا۔