بھارت کے خلاف شعیب اختر کو ٹیم میں شامل کیا جائے، عمران خان

3 1,057

پاکستان کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں شعیب اختر کو ضرور کھلانا چاہیے۔ اپنے وقت کے بہترین فاسٹ بالرز میں سے ایک عمران خان نے کہا کہ بھارتی بلے باز اسپنرز کو بہت اچھے انداز سے کھیلتے ہیں اس لیے میں سیلیکٹرز اور کپتان کو تیز گیند باز شعیب اختر کو ٹیم میں شامل کرنے کا مشورہ دوں گا۔

بھارت کے خلاف شعیب اختر کو پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جائے: عمران خان
راول پنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر کو عالمی کپ گروپ مقابلوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ناقص کارکردگی کے باعث ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔ اس میچ میں شعیب اختر نے اپنے آخری اوور میں 28 رنز دیئے جس میں روز ٹیلر کے ہاتھوں 3 بلند و بالا چھکے بھی شامل ہیں. شعیب کی جگہ ٹیم انتظامیہ نے وہاب ریاض پر اعتماد کیا تاہم وہ اب تک کسی میچ میں قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے.

شعیب کی غیر موجودگی میں پاکستانی گیند بازوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پہلے آسٹریلیا پھر کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں کی شرمناک شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ دوسری جانب بھارت نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے زیر کر کے 2003ء عالمی کپ کے فائنل کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کی ہے۔ اور اب ان دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ کی یہ جنگ 30 مارچ کو پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن (پی سی اے) اسٹیڈیم ، موہالی، چندی گڑھ میں ہوگی۔ یاد رہے کہ پاکستان نے عالمی کپ ٹورنامنٹس میں کبھی بھی بھارت کو شکست نہیں دی ہے۔

1992ء کے عالمی کپ فاتح پاکستانی دستے کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں شعیب اختر کو عمر گل کے ساتھ نئی گیند کرانی چاہیے. عمران خان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فتوحات کے اس تسلسل کو برقرار رکھے گا۔

گزشتہ ہفتے عالمی کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے 35 سالہ شعیب اختر 1998ء سے اب تک 163 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان مقابلوں میں شعیب اختر نے 247 کھلاڑیوں کو شکار کیا۔ اگر پاک - بھارت سیمی فائنل میں شعیب اختر کو شامل کیا جاتا ہے تو یہ ان کے پاس بہترین موقع ہوگا کہ وہ اپنے انتخاب کو درست ثابت کریں اور 250 وکٹوں کا سنگ میل عبور کریں۔