[ریکارڈز] دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی اوپنرز

0 1,025

پاکستان کے نوجوان بلے باز خرم منظور ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنا کر میچ کے ہیرو قرار پائے، لیکن دبئی میں جاری اگلا ہی ٹیسٹ ان کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوا۔ وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے اور یوں پاکستان کی ٹیسٹ تاریخ کے ساتویں اوپنر بن گئے جنہیں 'پیئر' کا 'اعزاز' حاصل ہوا۔

خرم منظور 11 سال بعد پیئر کی ہزیمت سے دوچار ہونے والے پہلے پاکستانی اوپنر ہیں (تصویر: AP)
خرم منظور 11 سال بعد پیئر کی ہزیمت سے دوچار ہونے والے پہلے پاکستانی اوپنر ہیں (تصویر: AP)

پاکستان کی جانب سے سب سے پہلے پیئر حاصل کرنے والے اوپنر ماجد خان تھے جو مارچ 1979ء میں آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ انہیں دونوں مرتبہ آسٹریلیا کے تیز باؤلر روڈنی ہوگ نے آؤٹ کیا۔ ان کے بعد 'کچھوا چال' مدثر نذر کا نام ہے جو جولائی 1982ء میں انگلستان کے خلاف ایجبسٹن، برمنگھم میں دو مرتبہ صفر کی ہزیمت کا شکار ہوئے۔

سعید انور اور عامر سہیل کی مایہ ناز پاکستانی اوپننگ جوڑی بھی اپنے کیریئر میں ایک مرتبہ پیئر کا شکار ہو چکی ہے۔ سعید انور نومبر 1990ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف فیصل آباد ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ یہ ان کے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ مقابلہ تھا اور شاید ہی اس سے زیادہ برے آغاز کی کوئی اوپنر توقع کرسکتا ہے۔ سعید انور پہلی اننگز میں کرٹلی ایمبروز اور دوسری اننگز میں این بشپ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ البتہ بعد ازاں ایک کامیاب بین الاقوامی کیریئر کھیلا۔ دوسری جانب عامر سہیل جنوری 1993ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں دو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوکر اس فہرست میں اپنا نام لکھوا گئے۔

مئی 2001ء میں سلیم الٰہی کی صورت میں ایک اور بلے باز اس فہرست میں شامل ہوا۔ وہ مئی 2001ء میں انگلستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی دونوں باریوں میں صفر پر ڈھیر ہوئے۔

خرم منظور سے پہلے آخری مرتبہ پیئر حاصل کرنے والے پاکستانی اوپنر توفیق عمر تھے، جو اکتوبر 2002ء میں آسٹریلیا کے خلاف شارجہ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ یہ وہی ٹیسٹ مقابلہ ہے جس میں پاکستان پہلی اننگز میں 59 اور دوسری اننگز میں محض 53 رنز پر ڈھیر ہوکر اننگز اور 198 رنز کی بدترین شکست سے دوچار ہوا تھا۔

اب 11 ٹیسٹ میچز کا تجربہ رکھنے والے خرم منظور کا اس فہرست کا حصہ بننا، نہ ہی ان کے لیے نیک شگون ہے اور نہ ہی اوپننگ کے مسائل سے دوچار پاکستان کے لیے کوئی اچھی خبر۔ دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ ٹیسٹ سیریز میں موقع ملنے کی صورت میں وہ اس داغ کو کس طرح دھوتے ہیں؟

ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی اوپنرز

بلے باز ملک بمقابلہ بمقام تاریخ
ماجد خان پاکستان آسٹریلیا پرتھ مارچ 1979ء
مدثر نذر پاکستان انگلستان برمنگھم جولائی 1982ء
سعید انور پاکستان ویسٹ انڈیز فیصل آباد نومبر 1990ء
عامر سہیل پاکستان نیوزی لینڈ ہملٹن جنوری 1993ء
سلیم الٰہی پاکستان انگلستان لارڈز مئی 2001ء
توفیق عمر پاکستان آسٹریلیا شارجہ اکتوبر 2002ء
خرم منظور پاکستان جنوبی افریقہ دبئی اکتوبر 2012ء