شکست نے ہوش ٹھکانے لگا دیے، قومی ٹیم اگلے ہی دن میدان میں پہنچ گئی

1 1,032

پاک-جنوبی افریقہ ایک روزہ سیریز کے اولین مقابلے میں کراری شکست نے پاکستان کے ہوش ٹھکانے لگا دیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شارجہ میں ہونے والا مقابلہ گو کہ رات گئے ختم ہوا، لیکن پاکستانی ٹیم اگلے روز آرام کے بجائے پریکٹس کے لیے دبئی اسٹیڈیم پہنچ گئی ہے۔

ناقابل یقین شکست پاکستانی ٹیم کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوگی (تصویر: Cricnama)
ناقابل یقین شکست پاکستانی ٹیم کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوگی (تصویر: Cricnama)

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ مقابلہ کل یعنی یکم نومبر بروز جمعہ دبئی میں کھیلاجانا ہے لیکن ماہرین، شائقین اور خود پاکستانی ٹیم کے لیے گزشتہ رات کی شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے یہی وجہ ہے کہ اگلے مقابلے کی بھرپور تیاری کے لیے ٹیم ایک مرتبہ پھر میدان میں موجود ہے۔

ٹیسٹ سیریز مایوس کن انداز میں برابر ہونے کے بعد پاکستان نے ایک روزہ سیریز کا آغاز تو بہت عمدگی سے کیا اور جنوبی افریقہ کو محض 184 رںز تک محدود کردیا لیکن اس مقابلے کا اختتام ایک ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔ پاکستان کی آخری 6 وکٹیں صرف 17 رنز کے اضافے سے گریں اور جنوبی افریقہ ناقابل یقین انداز میں صرف 1 رن سے جیت گیا۔

آج ہونے والے پریکٹس سیشن میں کوچ ڈیو واٹمور نے تو کھلاڑیوں کو تربیت دی ہی ٹیم مینیجر نے بھی تگڑی مشقیں کروائیں۔ یعنی اندازہ ہو رہا ہے کہ معین خان ٹیم کے نئے کوچ ہو سکتے ہیں کیونکہ پے در پے ناکامیوں کے بعد واٹمور کے عہدے کی میعاد میں اضافے کی کوئی توقع نہیں ہے۔

دبئی ٹیسٹ اور پھر شارجہ میں پاکستان کی شکست میں بنیادی کردار ادا کرنے والے عمران طاہر کا اچھی طرح سامنا کرنے کے لیے پاکستان نے اسپن باؤلرز کے ساتھ خصوصی مشقیں کیں۔