[ریکارڈز] ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری

1 1,080

'مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا' کے مصداق آسٹریلیا نے 384 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں جان تو خوب ماری لیکن 57 رنز قبل ہمت ہار گئے۔ ابتدائی حالات دیکھ کر تو اندازہ نہیں لگایا جا سکتا تھاکہ آسٹریلیا یہاں تک بھی پہنچ پائے گا لیکن گلین میکس ویل نے اس وقت اننگز کو تیزی سےآگے بڑھایا جب آسٹریلیا محض 74 رنز پر 4 وکٹوں سے محروم ہو چکا تھا۔ اور اس دوران خود میکس ویل صرف ایک گیند کے فاصلے سے ایک عالمی ریکارڈ بنانے سے محروم رہ گئے۔

میکس ویل 22 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (تصویر: BCCI)
میکس ویل 22 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (تصویر: BCCI)

میکس ویل نے بنگلور میں ہونے والے سیریز کے آخری مقابلے میں اپنی اننگز کا آغاز ہی چھکے کے ساتھ کیا اور پھر ونے کمار کو گلے اوور میں دو چوکے اور دو چھکے رسید کیے۔ 21 ویں اوور میں اننگز کا چھٹا چھکا مار کر وہ محض 15 گیندوں پر 45 رنز پر پہنچ چکے تھے اور نیا ریکارڈ قائم کرنا ان کی دسترس میں تھا لیکن آشون کی آخری گیند پر صرف ایک رن لینے اور اگلے اوور میں محمد شامی کی پہلی گیند کھیلنے میں ناکامی نے ریکارڈ کو ان سے دور کردیا۔ گو کہ اگلی گیند پر چھکا رسید کرکے وہ 18 گیندوں پر نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے لیکن سنتھ جے سوریا کا ون ڈے تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری کاریکارڈ بچ گیا۔

سری لنکا کے عظیم جارحانہ بلے باز سنتھ جے سوریا نے اپریل 1996ء میں پاکستان کے خلاف سنگاپور کے مقام پر صرف 17 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے باوجود سری لنکا 216 رنز کا معمولی ہدف حاصل نہ کرپایا اور سنگر کپ کا یہ فائنل ہار گیا۔ خیر، 17 سال پرانا یہ ریکارڈ آج بھی جوں کا توں موجود ہے اور کئی بلے باز اس کے بہت قریب پہنچ کر محروم رہ گئے، جن میں پاکستان شاہد آفریدی اور میکس ویل شامل ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی چند تیز ترین نصف سنچریوں کی تفصیلات ذیل میں پیش کی جا رہی ہیں، لطف اٹھائیے!

ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچریاں

بلے باز ملک نصف سنچری کے لیے کھیلی گی گیندیں کل رنز چوکے چھکے بمقابلہ بمقام بتاریخ
سنتھ جے سوریا سری لنکا 17 76 8 5 پاکستان سنگاپور اپریل 1996ء
سائمن او ڈونیل آسٹریلیا 18 74 4 6 سری لنکا شارجہ مئی 1990ء
شاہد آفریدی پاکستان 18 102 6 11 سری لنکا نیروبی اکتوبر 1996ء
شاہد آفریدی پاکستان 18 55* 4 6 نیدرلینڈز کولمبو ستمبر 2002ء
گلین میکس ویل آسٹریلیا 18 60 3 7 بھارت بنگلور نومبر 2013ء