[عالمی درجہ بندی] سعید اجمل نمبر ایک ون ڈے باؤلر بن گئے

0 1,090

پاکستان کے اسپن 'جادوگر' سعید اجمل ایک روزہ کرکٹ کے نمبر ایک باؤلر بن گئے ہیں جبکہ ہم وطن محمد حفیظ دنیا کے بہترین آل راؤنڈر قرار پائے ہیں۔

سعید اجمل سال میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں بھی دوسرے نمبر پر ہیں (تصویر: AFP)
سعید اجمل سال میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں بھی دوسرے نمبر پر ہیں (تصویر: AFP)

رواں سال سعید اجمل ایک بہترین ون ڈے باؤلر کے روپ میں سامنے آئے ہیں اور اس وقت 2013ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں دوسرے نمبر پر ہیں ۔

بھارت-آسٹریلیا سیریز کے اختتام پر تازہ کی جانے والی عالمی درجہ بندی کے مطابق بھارت کے ویراٹ کوہلی دنیا کے بہترین بلے باز ہیں۔ گو کہ وہ 7 مقابلوں کی سیریز میں وہ بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل نہيں کر سکے لیکن پے در پے بہترین باریاں انہیں چوتھے سے پہلے نمبر پر ضرور لے آئی ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ویراٹ نے 6 اننگز میں 114.66 کے اوسط سے 344 رنز بنائے اور نتیجتاً ہاشم آملہ کی جگہ حاصل کرلی ہے۔ ہاشم اپنی نجی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز نہیں کھیل رہے۔

آسٹریلیا کے قائم مقام کپتان جارج بیلی سیریز میں 478 رنز بنا کر سرفہرست 10 میں جگہ پا گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کا اثر عالمی درجہ بندی پر بھی پڑا ہے۔ آٹھویں نمبر پر موجود کپتان مصباح الحق ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پرآ گئے ہیں۔ ان کے علاوہ سرفہرست 10 میں کوئی پاکستانی بیٹسمین موجود نہیں۔

اگر باؤلرز کا جائزہ لیا جائے تو سعید اجمل بھارت کے رویندر جدیجا کی جگہ پہلے نمبر پر ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف سیريز میں بدترین کارکردگی کے بعد دو درجے تنزلی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ دوسرا مقام ابھی تک ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن کے پاس ہے۔

رویندر جدیجا نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں 41.87 کے بھاری اوسط سے صرف 8 وکٹیں حاصل کیں اور یہی کارکردگی ان کی نمبر ون پوزیشن سے محرومی کا سبب بنی۔ علاوہ ازیں پاکستان کے محمد حفیظ دسویں نمبر پر موجود ہیں جنہيں نیوزی لینڈ-بنگلہ دیش سیریز میں شکیب الحسن کی عدم موجودگی کا فائدہ ملا ہے اور وہ نمبر ایک آل راؤنڈر بھی بن گئے ہیں۔