کمزور نہیں لیکن ناتجربہ کار ہیں، مقابلے ہی کتنے کھیلے ہیں؟ مصباح الحق

2 1,029

جنوبی افریقہ کے خلاف مایوس کن انداز میں سیریز شکست کے بعد مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ ملکی تاریخ کی ناتجربہ کار ترین ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور ان ناتجربہ کاروں میں وہ خود بھی شامل ہیں۔

ناتجربہ کاری ہی شکست کا سبب ہے، ہم حتمی وار لگانے میں ناکام ہو رہے ہیں: مصباح (تصویر: Getty Images)
ناتجربہ کاری ہی شکست کا سبب ہے، ہم حتمی وار لگانے میں ناکام ہو رہے ہیں: مصباح (تصویر: Getty Images)

شکست کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح مایوس دکھائی دیے اور شاید اسی کی وجہ سے بے تکی گفتگو کر گئے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ پے در پے شکستوں کے بعد کیا وہ سمجھتے ہیں کہ وہ قومی کرکٹ تاریخ کی کمزور ترین ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں؟ تو مصباح کا جواب تھا کہ "یہ کمزور ٹیم تو نہیں لیکن ناتجربہ کار ضرور ہے، مجھے ہی دیکھ لیں، میں نے بھی زیادہ میچز نہیں کھیلے، سعید اجمل بھی ابھی تک 100 میچز نہیں کھیل سکے۔ یہ ٹیم ناتجربہ کار ہے اور یہی اس کی شکست کا سبب ہے کہ ہم حتمی وار لگانے میں ناکام ہو رہے ہیں۔"

اس وقت قومی کرکٹ ٹیم میں 366 ایک روزہ مقابلے کھیلنے والے شاہد آفریدی موجود ہیں جبکہ مصباح کے ون ڈے مقابلوں کی تعداد 133 ہے جبکہ محمد حفیظ 132، عمر اکمل 80، سہیل تنویر 50 اور احمد شہزاد 40 سے زائد مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس کے باوجود ٹیم کو ناتجربہ کہنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

بہرحال مصباح کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ وکٹ کیپر کی حیثیت سے اضافی ذمہ داری کو تو وہ بخوبی نبھا رہے ہیں لیکن حتمی مراحل میں انہیں بلے باز کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگا اور مقابلے کو اختتام تک پہنچانا ہوگا۔

پاکستان کے قائد کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے قومی ٹیم کے پاس آل راؤنڈرز کی کمی ہے۔ ماضی میں آخری نمبروں پر وسیم اکرم، عبد الرزاق اور اظہر محمود جیسے کھلاڑی تھے، جو جارحانہ کھیل پیش کرتے تھے لیکن بدقسمتی سے اب آخری نمبروں پر کھیلنے والے پاکستان کے تین گیندباز بیٹنگ میں ماہر نہیں اور یہ پاکستان کی بیٹنگ لائن کا ایک منفی پہلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ صہیب مقصود نے اپنے پہلے ہی ون ڈے میں بہت عمدہ کارکردگی دکھائی، گو کہ ٹیم سیریز ہار چکی ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ آخری ایک روزہ جیت کر سیریز کا اختتام کامیابی کے ساتھ کریں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پانچواں و آخری ون ڈے مقابلہ 11 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔