مختصر دورۂ جنوبی افریقہ، شعیب رزاق اور یونس کی واپسی کا امکان، اعلان آج متوقع

0 1,136

مسلسل دو سیریز میں ناکامیاں سمیٹنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 'تجربات' کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جب پاکستان تجربہ کرنے کا سوچ لے تو مقصد نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنا نہیں بلکہ پرانوں کو ایک مرتبہ پھر آزمانا ہوتا ہے۔

عبد الرزاق اور شعیب ملک متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز کے ٹی ٹوئنٹی مرحلے ہی سے ٹیم میں واپس آ چکے ہیں، اب ان کی خدمات مزید حاصل کرنے کا بھی امکان ہے (تصویر: AFP)
عبد الرزاق اور شعیب ملک متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز کے ٹی ٹوئنٹی مرحلے ہی سے ٹیم میں واپس آ چکے ہیں، اب ان کی خدمات مزید حاصل کرنے کا بھی امکان ہے (تصویر: AFP)

رواں ماہ محتصر دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے جس قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے اس میں ممکنہ طور پرعبد الرزاق، شعیب ملک اور یونس خان کی واپسی کا امکان ہے ۔ عبد الرزاق اور شعیب ملک تو متحدہ عرب امارات میں جاری پاک-جنوبی افریقہ سیریز کے ٹی ٹوئنٹی مرحلے سے واپسی کریں گے جبکہ ماضی قریب میں ایک انٹرویو میں ایک روزہ ٹیم میں عدم شمولیت پر حیرت کا اظہار کرنے والے یونس خان کی حیرانی بھی ختم ہوسکتی ہے یعنی کہ ان کی واپسی کے امکانات ہیں۔

ان کے علاوہ جن کھلاڑیوں کی 'پکی نشست' کو خطرہ لاحق ہے ان میں ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ بھی شامل ہیں جو اگر آخری ایک روزہ میں بھی ناکام ہوئے تو ہو سکتا ہے کہ دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے ون ڈے ٹیم میں شامل نہ ہوں۔ ان ناقص کارکردگی کو بنیاد بنا کر ٹیم کے دو "آل راؤنڈرز" وہاب ریاض اور سہیل تنویر کو پھر باہر کا راستہ دکھایا جا سکتا ہے جبکہ بالاصرار ٹیم میں شامل ہونے اسد شفیق بھی ایک بار پھر باہر ہوں گے جبکہ بلے بازی میں مسلسل ناکامی اور نازک ترین مواقع پر وکٹ گنوانے والے عمر اکمل کو بھی سبق سکھایا جا سکتا ہے۔ لیکن کتنا؟ اس کا فیصلہ شاید آج ہی ہوجائے ۔