[ریکارڈز] سب سے کم اننگز میں 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے بلے باز

1 1,046

جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز نے پاکستان کے خلاف گزشتہ روز نہ صرف ایک یادگار سنچری اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی سیریز فتح میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ وہ اس دوران 6 ہزار ایک روزہ رنز کا سنگ میل بھی عبور کرگئے۔

اے بی ڈی ولیئرز 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پانچویں جنوبی افریقی بلے باز ہیں (تصویر: AFP)
اے بی ڈی ولیئرز 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پانچویں جنوبی افریقی بلے باز ہیں (تصویر: AFP)

نامانوس حالات میں اور ابتدائی دو ایک روزہ مقابلوں میں جدوجہد کرنے کے بعد جنوبی افریقہ نے ڈی ولیئرز کی قیادت میں سیریز میں شاندار واپسی کی اور آخری ون ڈے میں اپنے اہم ترین تین گیند بازوں کے بغیر ہی پاکستان کو 117 رنز کے بھاری بھرکم مارجن سے زیر کرلیا۔ اسی مقابلے کے دوران ابراہم ڈی ولیئرز نے اپنے کیریئر کی 15 ویں سنچری ایک شاندار چھکے کے ذریعے مکمل کی اور اس کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ میں 6 ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

ڈی ولیئرز 6 ہزار رنز تک پہنچنے والے مجموعی طور پر 46 ویں اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے پانچویں کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل صرف ژاک کیلس، ہرشل گبز، گریم اسمتھ اور گیری کرسٹن ہی وہ پروٹیز کھلاڑی ہیں، جو اس مرحلے تک پہنچے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک دورانیہ مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 1996ء تا 2012ء 321 11498 139 45.26 17 85
ہرشل گبز جنوبی افریقہ 1996ء تا 2010ء 248 8094 175 36.13 21 37
گریم اسمتھ جنوبی افریقہ 2002ء تا 2013ء 195 6976 141 38.32 10 47
گیری کرسٹن جنوبی افریقہ 1993ء تا 2003ء 185 6798 188* 40.95 13 45
ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ 2005ء تا 2013ء 153 6010 146 48.86 15 34

ڈی ولیئرز ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بلے باز ویوین رچرڈز کے بعد سب سے کم مقابلوں میں اس ہدف تک پہنچے ہیں۔ ویوین رچرڈز نے اپنے 6 ہزار رنز 141 اننگز میں مکمل کیے تھے جبکہ ابراہم ڈی ولیئرز 147 باریوں میں 6 ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ بھارت کے سابق کپتان سارو گانگلی نے بھی اتنی ہی باریوں میں 6 ہزار رنز بنائے۔

سب سے کم اننگز میں 6 ہزار رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک دورانیہ مقابلے اننگز
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 13 سال 214 دن 156 141
سارو گانگلی بھارت 8 سال 289 دن 152 147
ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ 8 سال 282 دن 153 147
میتھیو ہیڈن آسٹریلیا 14 سال 288 دن 160 154
برائن لارا ویسٹ انڈیز 8 سال 334 دن 158 155
ڈین جونز آسٹریلیا 10 سال 23 دن 160 157
گیری کرسٹن جنوبی افریقہ 7 سال 312 دن 160 160

پاکستان کی جانب سے تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے کا کارنامہ سعید انور نے انجام دیا جنہوں نے 162 اننگز میں اس سنگ میل کو عبور کیا جبکہ یوسف یوحنا (بعد ازاں محمد یوسف) نے 168 باریاں کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کم مقابلوں میں 6 ہزار رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک دورانیہ مقابلے اننگز
سعید انور پاکستان 10 سال 82 دن 164 162
یوسف یوحنا پاکستان 6 سال 192 دن 178 168
جاوید میانداد پاکستان 16 سال 222 دن 185 175
انضمام الحق پاکستان 7 سال 187 دن 186 176
یونس خان پاکستان 10 سال 355 دن 212 205
اعجاز احمد پاکستان 12 سال 183 دن 227 210
سلیم ملک پاکستان 14 سال 255 235 212