قومی ٹیم کے 'ننھوں' میں تازہ اضافہ، شعیب ملک

2 1,027

پاکستانی کھلاڑیوں کی عمریں ہمیشہ ہی زیر بحث رہی ہیں حتیٰ کہ کھلاڑیوں کو بھی ننھا بننے کا بہت ہی شوق ہے۔ انہی 'ننھوں' میں تازہ اضافہ شعیب ملک کا کا ہے جن کا کہنا ہے کہ میں تو شاہد آفریدی اور عبد الرزاق سے بھی چھوٹا ہوں۔

خواہش ہے کہ پاکستان کو عالمی کپ جتواؤں (تصویر: Getty Images)
خواہش ہے کہ پاکستان کو عالمی کپ جتواؤں (تصویر: Getty Images)

دبئی میں پاک-جنوبی افریقہ پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے آمد کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ زیادہ تر لوگ مجھے عمر رسیدہ کھلاڑی سمجھتے ہیں جبکہ درحقیقت وہ آفریدی اور عبد الرزاق سے بھی کم عمر ہیں۔

خود کو آفریدی سے چھوٹا سمجھنے والے ملک نے انداز بھی شاہد جیسا ہی اپنایا اور کہا کہ جب انہیں لگا کہ وہ فٹ نہیں تو خود ہی کرکٹ چھوڑ دیں گے لیکن ان کے مستقبل کا فیصلہ کوئی اور نہیں کر سکتا، وہ خود ہی کریں گے۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میں ابھی اتنا بوڑھا نہیں ہوا کہ ٹیم میں موجودہ نوجوان کھلاڑیوں کی طرح کارکردگی نہ پیش کرسکوں بلکہ ان سے بھی بہتر پرفارمنس کی کوشش کروں گا۔

شعیب ملک نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کروں اور ساتھ ساتھ اپنی کارکردگی کے ذریعے پاکستان کو عالمی چیمپئن بھی بناؤں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک کی دستاویزی عمر 31 سال ہے جبکہ شاہد آفریدی، عبد الرزاق اور محمد حفیظ 33، 33 سال کے ہیں۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی سعید اجمل ہیں، جن کی عمر 36 سال ہے۔