سچن کو بڑا بیٹسمین نہیں مانتا: جاوید میانداد پھٹ پڑے

6 1,031

گزشتہ سال کے اواخر میں جب طویل عرصے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تو اس موقع پر ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان میں بھلا جاوید میانداد سے بڑا بیٹسمین کون پیدا ہوا ہوگا؟ لیکن بھارت نے ان کو دعوت دینے پر تحفظات اٹھائے اور یہ معاملہ اتنا بڑھا کہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے پر فائز میانداد نے خود ہی بھارت نہ جانے کا اعلان کردیا۔ البتہ اس پورے قضیے میں جس طرح ان کی شخصیت بھارت میں زیر بحث آئی، وہ ایک مایوس کن امر تھا اور اس سے میانداد کے جذبات کو جو ٹھیس پہنچی، اس کا ہلکا سا اظہار تب ہوا جب میانداد سے سچن تنڈولکر کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرنے کو کہا گیا، جس پر انہوں نے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ سچن کو بڑا بلے باز ہی نہیں مانتے۔

بھارت کے گھٹیا رویے کے باوجود اس طرح کے مواقع پرہم ان کے کھلاڑیوں کی تعریفیں کرنے لگتے ہیں: میانداد (تصویر: PA Photos)
بھارت کے گھٹیا رویے کے باوجود اس طرح کے مواقع پرہم ان کے کھلاڑیوں کی تعریفیں کرنے لگتے ہیں: میانداد (تصویر: PA Photos)

جاوید میانداد نے اپنے دل کے پھپھولے تب پھوڑے، جب قومی روزنامے ایکسپریس کے مطابق چند صحافیوں نے ان سےسچن کی ریٹائرمنٹ پر اظہار خیال کے لیے کہا ۔اپنے کیریئر میں 'اسٹریٹ بوائے' کے طور پر پہچانے جانے والے میانداد گویا اسی موقع کی تاک میں تھے ، فوراً بولے "چاہے دنیا سچن کو بڑا بیٹسمین مانتی رہے، میں نہیں مانتا، اس لیے اپنی رائے کا اظہار نہیں کروں گا۔"

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہمارے ساتھ رویہ دھتکارنے والا ہوتا ہے جبکہ ہم اس طرح کے مواقع پر ان کے کھلاڑیوں کی تعریفیں کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کے حوالے سے رویہ ہمیشہ نامناسب رہا ہے، اس لیے ایک پاکستانی کی حیثیت سے میں کسی بھارتی کے بارے میں سوال کا جواب نہیں دوں گا۔

واضح رہے کہ سچن تنڈولکر اپنے کیریئر کا 200 و آخری ٹیسٹ مقابلہ کھیلنے جا رہے ہیں اور اس موقع کو دنیا بھر بالخصوص بھارت میں بہت اہمیت دی جا رہی ہے۔ اس وقت جب ہر طرف سے سچن پر تعریف کے ڈونگرے برس رہے ہیں، میانداد کا یہ بیان پاک-بھارت کشیدہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔