[ریکارڈز] ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے باؤلر، شاہد آفریدی سرفہرست

6 1,062

پاکستان کے لیے مایوس کن ایک روزہ سیریز کا اختتام چار-ایک سے جنوبی افریقہ کے حق میں ہوا اور گو کہ ٹیم نے ابھی دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے ہیں لیکن یہ دورہ اجتماعی و انفرادی طور دونوں سطحوں پر ناکامیوں سے عبارت رہاہے۔ پاکستان کے جن کھلاڑیوں سے شائقین کو بہت توقعات ہوتی ہیں وہ بھی پروٹیز کے خلاف پے در پے ناکامی کا شکار رہے جن میں سب سے نمایاں آل راؤنڈر شاہد آفریدی رہے۔

شاہد آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں مرلی دھرن کا سب سے زیادہ رنز کھانے کا ریکارڈ توڑا ہے (تصویر: AFP)
شاہد آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں مرلی دھرن کا سب سے زیادہ رنز کھانے کا ریکارڈ توڑا ہے (تصویر: AFP)

پوری سیریز میں پاکستان ایک ہی مقابلہ جیتا جس میں وہ مرد میدان بنے لیکن اس کے علاوہ چار مقابلوں میں ان سمیت تمام کھلاڑی بجھے بجھے دکھائی دیے۔ دو جیتی ہوئی بازیاں پاکستان نے اپنے ہاتھوں سے گنوائیں اور سیریز طشتری میں رکھ کر جنوبی افریقہ کو پیش کردی۔

سیریز کے پانچویں و آخری ون ڈے میں شاہد آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے باؤلر کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے سری لنکا کے عظیم اسپنر متیاہ مرلی دھرن کا 12 ہزار 326 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا اور یوں 12 ہزار 363 رنز دے کر ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ کھانے والے باؤلر بن گئے۔

شاہد سے قبل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز جس باؤلر کو پڑے وہ عظیم وسیم اکرم تھے جنہوں نے 356 مقابلوں میں 11 ہزار 812 رنز کھائے جبکہ وقار یونس کو 9 ہزار 919 رنز پڑے۔

گو کہ اس فہرست میں دنیا کے چند مایہ ناز باؤلرز موجود ہیں، جن کے پاس کئی ریکارڈز ہیں لیکن ان میں شاہد آفریدی کا اوسط سری لنکا کے سنتھ جے سوریا کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

ایک روزہ کیریئر میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے باؤلر

گیندباز ملک دورانیہ مقابلے گیندیں رنز وکٹیں بہترین باؤلنگ اوسط اکانمی ریٹ
شاہد آفریدی پاکستان 1996ء تا 2013ء 367 16078 12363 367 7/12 33.68 4.61
متیاہ مرلی دھرلی سری لنکا 1993ء تا 2011ء 350 18811 12326 534 7/30 23.08 3.93
سنتھ جے سوریا سری لنکا 1989ء تا 2011ء 445 14874 11871 323 6/29 36.75 4.78
وسیم اکرم پاکستان 1984ء تا 2003ء 356 18186 11812 502 5/15 23.52 3.89
چمندا واس سری لنکا 1994ء تا 2008ء 322 15775 11014 400 8/19 27.53 4.18
انیل کمبلے بھارت 1990ء تا 2007ء 271 14496 10412 337 6/12 30.89 4.30
وقار یونس پاکستان 1989ء تا 2003ء 262 12698 9919 416 7/36 23.84 4.68
شان پولاک جنوبی افریقہ 1996ء تا 2008ء 303 15712 9631 393 6/35 24.50 3.67
ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ 1997ء تا 2013ء 275 13029 8946 284 5/7 31.50 4.11
بریٹ لی آسٹریلیا 2000ء تا 2012ء 221 11185 8877 380 5/22 23.86 4.76

اگر ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا مشترکہ ریکارڈ دیکھا جائے تو سب سے زیادہ رنز کھانے کا ریکارڈ سری لنکا کے متیاہ مرلی دھرن ہی کے پاس ہے لیکن ساتھ ساتھ ان کے پاس سب سے زیادہ وکٹیں بھی ہیں اور اس معاملے میں کوئی کھلاڑی ان کے قریب قریب بھی نہیں۔ مرلی دھرن نے 495 بین الاقوامی مقابلوں میں 63 ہزار 132 گیندیں پھینکیں اور 30 ہزار 803 رنز کھائے۔ اس کے باوجود ان کا اوسط صرف 22.86 رہا جبکہ انہوں نے ریکارڈ 1347 وکٹیں حاصل کیں جن میں 77 مرتبہ پانچ اور 22 مرتبہ 10 وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی شامل ہے جو خود بھی الگ، الگ ریکارڈز ہیں۔

اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کھانے والے وسیم اکرم ہیں جنہوں نے 460 بین الاقوامی میچز میں 21 ہزار 591 رنز کھائے البتہ ان کا اوسط صرف 23.57 ہے اور وکٹیں بھی 916 ہیں۔ شاہد آفریدی نے کیونکہ ٹیسٹ میچز بہت کم کھیلے ہیں اس لیے اس فہرست میں ان کا نام کافی پیچھے ہے۔ انہوں نے 15 ہزار 545 رنز کھائے جبکہ جن میں 12 ہزار سے زیادہ رنز تو انہیں ون ڈے کرکٹ ہی میں پڑ چکےہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کھانے والے باؤلرز

گیندباز ملک دورانیہ مقابلے گیندیں رنز وکٹیں بہترین باؤلنگ فی اننگز اوسط اکانمی ریٹ
متیاہ مرلی دھرلی سری لنکا 1992ء تا 2011ء 495 63132 30803 1347 9/51 22.86 2.92
انیل کمبلے بھارت 1990ء تا 2008ء 403 55346 28767 956 10/74 30.9 3.11
شین وارن آسٹریلیا 1992ء تا 2007ء 339 51347 25536 1001 8/71 25.51 2.98
ہربھجن سنگھ بھارت 1998ء تا 2013ء 355 40892 22596 694 8/84 32.55 3.31
ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ 1997ء تا 2013ء 420 42468 22058 681 7/87 32.39 3.11
چمندا واس سری لنکا 1994ء تا 2009ء 439 39345 21643 761 8/19 28.44 3.30
وسیم اکرم پاکستان 1984ء تا 2003ء 460 40813 21591 916 7/119 23.57 3.17
گلین میک گرا آسٹریلیا 1993ء تا 2007ء 376 42266 20656 949 8/24 21.76 2.93
کپل دیو بھارت 1978ء تا 1994ء 356 38942 19812 687 9/83 28.83 3.05
شان پولاک جنوبی افریقہ 1995ء تا 2008ء 423 40308 19673 829 7/87 23.73 2.92