آرام کے نام پر مصباح کو دورۂ جنوبی افریقہ سے باہر کرنے کا فیصلہ؟

10 1,037

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملکی کرکٹ کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کافیصلہ کرلیا ہے اور سال میں سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے بیٹسمین ہی کو اگلے دورے سے باہر کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ جی ہاں، پی سی بی نے مصباح الحق کو اگلے دورۂ جنوبی افریقہ میں آرام کا مشورہ دیا ہے اور ان کی جگہ اک ایسے کھلاڑی کو قیادت سونپی جا رہی ہے جس کی موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ ہی نہیں بنتی، یعنی محمد حفیظ!

مصباح کی عدم موجودگی میں قیادت کس کو ملے گی، چند روز میں فیصلہ ہوجائے گا (تصویر: AP)
مصباح کی عدم موجودگی میں قیادت کس کو ملے گی، چند روز میں فیصلہ ہوجائے گا (تصویر: AP)

پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے مصباح الحق کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے دورے کے بجائے آرام کریں اور یہی وجہ ہے کہ دورے کے لیے ٹیم کے اعلان میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے ٹیم کی قیادت بھی ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ کو سونپی جا رہی ہے۔

اس پورے معاملے کا حیرتناک پہلو یہ ہے کہ ٹیم کی بھیانک بیٹنگ کارکردگی کے دوران واحد مثبت پہلو مصباح الحق کی بلے بازی رہا ہے جنہوں نے رواں سال 26 میچز میں 53.28 کے شاندار اوسط کے ساتھ 1119 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ پر 71.54 کے ساتھ مناسب رہا ہے۔ ان کے مقابلے میں محمد حفیظ کی کارکردگی اتنی موزوں نہیں رہی یا اس میں ویسا تسلسل نہیں ہے۔ ان کی رواں سال کی دو سنچریاں بھی زمبابوے اور آئرلینڈ جیسے کمزور حریف کے خلاف ہیں۔ اس کے علاوہ سوائے بھارت کے خلاف 76 رنز کی اننگز کے انہوں نے کوئی قابل ذکر باری نہیں کھیلی لیکن وہ نہ صرف ٹیم میں موجود رہیں گے بلکہ قیادت بھی کریں گے۔ شاباش پی سی بی!

اس حوالے سے نجم سیٹھی اور مصباح الحق کے درمیان ایک دو روز میں حتمی ملاقات متوقع ہے اور اس لیے ٹیم اور کپتان کے نام کے اعلان میں تاخیر کا خدشہ ہے۔ البتہ نجم سیٹھی اور مصباح الحق دونوں ان تمام خبروں کی تردید کر رہے ہیں، جو پاکستان میں ایک روایت ہے۔ سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی وزارت عظمیٰ سے اخراج سے ایک روز قبل بھی یہی کہہ رہے تھے کہ یہ سب افواہیں ہیں۔