قیادت کا بحران: کیا شاہد آفریدی دوبارہ کپتان بنیں گے؟

2 1,193

جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 4-1 سے ناکامی نے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور اور کپتان مصباح الحق کے اقتدار کی چولیں ہلا دی ہیں اور آج مصباح الحق کو آرام کے نام پر اگلے دورے سے باہر کرنے کی خبروں نے گویا اشارہ دے دیا ہے کہ اب پاکستان کرکٹ ٹیم کا اقتدار مکمل طور پر نئے ہاتھوں میں جائے گا۔

ایسا لگتا ہے کہ کافی عرصے سے بچھائی گئی بساط میں اب شہ مات کا وقت آ چکا ہے (تصویر: AFP)
ایسا لگتا ہے کہ کافی عرصے سے بچھائی گئی بساط میں اب شہ مات کا وقت آ چکا ہے (تصویر: AFP)

اب سب سے پہلا سوال تو یہ ہے کہ چند روز بعد دورۂ جنوبی افریقہ میں ایک روزہ ٹیم کی قیادت کون کرے گا؟ واضح رہے کہ کچھ دن پہلے یونس خان کی ون ڈے ٹیم کی واپسی کی تصدیق خود پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کی تھی اور عین ممکن ہے کہ عارضی طور پر یونس ہی کو ٹیم دے دی جائے لیکن ماضی میں مکمل اختیارات کے بغیر کپتانی سنبھالنے سے انکار کرنے والے یونس قیادت کو ٹھکرا بھی سکتے ہیں اس لیے زیادہ تر امکان یہی ہے کہ قیادت محمد حفیظ کے سپرد ہوگی جو اس وقت اپنے کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔

لیکن دورۂ جنوبی افریقہ میں کپتان کوئی بھی ہو، یہ بات طے شدہ ہے کہ کارکردگی کے موجودہ تسلسل کو دیکھتے ہوئے ٹیم کے وہاں جیتنے کے امکانات 20 فیصد بھی نہیں اور نتیجے میں کپتان تو نظام الدین سقے کی طرح 'ایک دن کی بادشاہت' یعنی 'ایک سیریز کی کپتانی' کا حقدار ٹھہرے گا۔

اس کے بعد سری لنکا کے خلاف مکمل سیریز اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کپتان کون بنے گا؟ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا نیا سیٹ اپ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء اور عالمی کپ 2015ء میں شاہد آفریدی کو کپتان دیکھنا چاہتا ہے اور موجودہ پوری بساط اسی لیے بچھائی گئی ہے۔

قیادت کی اسی رسہ کشی کی وجہ سے ہی ٹیم کی کارکردگی ہر گزرتے میچ کے ساتھ مزید گرتی چلی جا رہی ہے اور ٹیم مکمل طور پر گروپ بندیوں کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ اب اس وقت جبکہ مصباح پے در پے شکستوں اور محمد حفیظ اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پچھلے قدموں پر ہیں، شاہد آفریدی کی لابی سب سے مضبوط ہے اور اسی لابی کی وجہ سے وقار یونس کو کوچنگ نہ سونپنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ممکنہ طور پر معین خان پاکستان کے آئندہ ہیڈ کوچ ہوں گے جو شاہد آفریدی کے بہترین معاون ہیں اور اس پوری کھینچا تانی میں ان کا وزن شاہد آفریدی کی طرف رہا ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ اب پاکستان کرکٹ کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے؟