دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کا اعلان، مصباح بدستور موجود

5 1,017

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے دستے کا اعلان کردیا اور تمام تر امکانات، خدشات، توقعات بلکہ خواہشات کے برعکس مصباح الحق کا نام ایک روزہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہے۔

ناقص ترین کارکردگی کے باوجود صرف ایک کھلاڑی وہاب ریاض کو باہر نکالنا سمجھ سے بالاتر ہے (تصویر: AFP)
ناقص ترین کارکردگی کے باوجود صرف ایک کھلاڑی وہاب ریاض کو باہر نکالنا سمجھ سے بالاتر ہے (تصویر: AFP)

متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز میں 4-1 سے بدترین شکست کے بعد پاکستانی ذرائع ابلاغ میں یہ ہنگامہ اٹھا تھا کہ مصباح الحق کو دورۂ جنوبی افریقہ پر نہ بھیجنے کی تجاویز زیر غور ہیں اور معاملہ کافی آگے تک بڑھ گیا یہاں تک کہ مصباح کی جانب سے بھی جذباتی بیانات سامنے آئے۔ البتہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دونوں مقابلوں میں شکست نے ٹیم کی اصل کمزوری عیاں کردی ہے، یعنی معاملہ صرف مصباح کی موجودگی کا نہیں۔ اسی وجہ سے بورڈ نے دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے 17 رکنی اسکواڈ میں مصباح الحق شامل ہیں۔

محمد حفیظ دو ٹی ٹوئنٹی اور مصباح الحق تین ایک روزہ مقابلوں میں بدستور قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ وہاب ریاض کو باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے جبکہ محمد عرفان آخری ٹی ٹوئنٹی میں زخمی ہونے کی وجہ سے دورے کے لیے شامل نہیں کیے گئے۔ ان دونوں کی جگہ بلاول بھٹی اور انور علی کو طلب کیا گیا ہے۔ ایک متوقع کھلاڑی، جس کی شمولیت کا امکان بہت زیادہ تھا، بھی ٹیم کا حصہ نہیں۔ جی ہاں! یونس خان۔ جن کے بارے میں پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی تک نے کہہ دیا تھا کہ انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات میں حالیہ سیریز میں پاکستان کی شکست کا سبب ناقص بیٹنگ تھی لیکن اس کے باوجود دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے بیٹنگ لائن اپ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی گئی اور وہی کھلاڑی پروٹیز کے خلاف اسی کی سرزمین پر کھیلیں گے۔

20 نومبر سے جوہانسبرگ میں شروع ہونے والی سیریز کے لیے پاکستان کا اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

مصباح الحق (کپتان ایک روزہ)، محمد حفیظ (کپتان ٹی ٹوئنٹی)، احمد شہزاد، اسد شفیق، انور علی، بلاول بھٹی، جنید خان، سعید اجمل، سہیل تنویر، شاہد آفریدی، شعیب ملک، صہیب مقصود، عبد الرحمٰن، عبد الرزاق، عمر اکمل، عمر امین اور ناصر جمشید۔