آخری منٹ کا ڈرامہ، رزاق اور شعیب ملک "زخمی" ، دورۂ جنوبی افریقہ سے باہر

2 1,041

دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ دستے پر ویسے ہی کم اعتراضات تھے، جن پر طرہ عبد الرزاق اور شعیب ملک کو "زخمی" قرار دے دینا ہے۔ دونوں آل راؤنڈر محدود اوورز کے دورۂ جنوبی افریقہ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔

ایک ساتھ آئے اور ایک ساتھ گئے، اللہ جوڑی سلامت رکھے  (تصویر: AFP)
ایک ساتھ آئے اور ایک ساتھ گئے، اللہ جوڑی سلامت رکھے (تصویر: AFP)

پاکستان نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کھائی ہے اور آخری مرحلے یعنی ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں ٹیم کو تجربہ دینے کے لیے عبد الرزاق اور شعیب ملک کو ایک بار پھر ٹیم میں طلب کیا گیا تھا تاہم ٹیم پھر بھی دو-صفر سے ہار گئی۔ یہ دونوں کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھی ناکام رہے اور شعیب ملک تو آخری ٹی ٹوئنٹی میں اپنی انگلی تڑوا بیٹھے جب وین پارنیل کا ایک اٹھتا ہوا باؤنسر ان کے ہاتھ پر لگا۔ لیکن اس کے باوجود انہیں دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ 17 رکنی دستے میں شامل کیا گیا۔ نتیجہ چند دن ہی میں سامنے آ گیا جب وہ سیریز کے آغاز سے قبل ہی عبد الرزاق سمیت وطن واپسی کی راہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ عبد الرزاق پیر کو جوہانسبرگ میں تربیتی سیشن کے دوران ران کی تکلیف کا شکار ہوئے جبکہ طویل سفر کی وجہ سے شعیب ملک کی ہاتھ کی تکلیف مزید بڑھ گئی ہے، جس کی وجہ سے دونوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ ٹیم فزیو اور جنوبی افریقہ کے ایک ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہےاور ٹور سلیکشن کمیٹی نے ان کا کوئی متبادل بھی طلب نہیں کیا۔

پاکستان نے ویسے ہی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں طرز کے مقابلوں کے لیے ایک ہی 17 رکنی دستہ منتخب کیا تھا اور ان دونوں کھلاڑیوں کے جانے کے بعد اب قومی ٹیم 15 رکنی رہ گئی ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی نہ کھیلنے والے مصباح الحق بھی شامل ہیں۔ یعنی کل جوہانسبرگ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے جس ٹیم کا انتخاب ہوگا وہ 14 رکنی دستے میں سے منتخب ہوگی۔