مضبوط بالنگ ہماری سب سے بڑی طاقت ہے: محمد حفیظ

2 1,061

پاکستانی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے مضبوط بالنگ اٹیک پاکستان کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالنگ ہی ہمارے طاقت ہے اور ہمارے بلے باز بالکل اسی انداز سے اس کا ساتھ دے رہے ہیں جیسا کہ ہمیں اس کی ضرورت ہے۔ دائیں ہاتھ سے آف اسپن گیند کرانے والے محمد حفیظ پاکستانی ٹیم کے اوپنر بھی ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کوارٹر فائنل میں پاکستان کی جانب سے عمر گل کے ہمراہ بالنگ اٹیک کیا اور پہلے اسپیل میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسی میچ میں محمد حفیظ نے کامران اکمل کے ہمراہ پاکستانی بیٹنگ کا آغاز کیا اور نصف سنچری بنائی۔

30 سالہ پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ نے کہا کہ ہم سیمی فائنل میں بھارت سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پچ کے بارے میں کوئی فکر نہیں، وہ چاہے جیسی بھی ہو ہم اس پر شاندار کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ عالمی کپ میں بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کے خراب ریکارڈ کے متعلق بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ ہم بھارت کے خلاف کھیلنے پر کسی قسم کا دباؤ محسوس کررہے ہیں۔ ہم ماضی کو فراموش کر کے آج کے متعلق سوچ رہے ہیں، ہمارا حریف چاہے کوئی بھی ہو ہم اس روز ضرور جیتنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی اس وقت عالمی کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں 21 حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کے علاوہ عمر گل بھی سب سے زیادہ کھلاڑی شکار کرنے والے گیند بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے عالمی کے کپ کے 7 مقابلوں میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ شاہد آفریدی اور عمر گل کے علاوہ پاکستانی بالنگ لائن میں تیز گیند باز شعیب اختر، میڈیم فاسٹ عبدالرزاق اور ماہر اسپنر سعید اجمل بھی شامل ہیں۔ پاکستان نے اپنی شاندار بالنگ کے باعث سری لنکا کو 266 کے مجموعے تک محدود کر کے میچ اپنے نام کیا۔ بعد ازاں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کو بھی 200 کے اندر آؤٹ کر کے فتوحات سمیٹیں۔