[ریکارڈز] مصباح کئی سنگ میل عبور کرگئے، کئی منزلوں کے مزید قریب

3 1,052

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سیریز کا گو کہ فیصلہ ہو چکا ہے لیکن پاکستان کے پاس ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سویپ کرنے والا پہلا ملک بن جائے۔ لیکن اس مقصد کے لیے اس کے بلے بازوں کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری تھی، جس کی ادائیگی میں وہ ناکام رہے۔ سپر اسپورٹ پارک، سنچورین میں ہونے والے تیسرے ون ڈے میں سوائے کپتان مصباح الحق کے تمام ہی بلے باز ناکام ثابت ہوئے اور پاکستان صرف 179 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔

مصباح آج بھی اپنے کیریئر کی پہلی ون ڈے سنچری نہ بنا سکے (تصویر: AP)
مصباح آج بھی اپنے کیریئر کی پہلی ون ڈے سنچری نہ بنا سکے (تصویر: AP)

البتہ مصباح نے 79 رنز کی ناقابل شکست و دلیرانہ اننگز کے دوران متعدد سنگ میل عبور کیے اور کچھ منازل کے مزیدقریب پہنچ گئے۔

مصباح نے سال 2013ء میں اپنی 13 ویں نصف سنچری مکمل کرکے سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ایک سال میں سب سے زیادہ مرتبہ نصف سنچریاں بنانے کا اعزاز ان سے قبل یونس خان کے پاس تھا جنہوں نے 2002ء میں 36 ایک روزہ مقابلوں میں 12 نصف سنچریاں بنائی تھیں جبکہ مصباح نے سپر اسپورٹ پارک میں کیریئر کی 33 ویں اور سال کی 13 ویں نصف سنچری بنائی۔ یوں وہ سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کے عالمی ریکارڈ کو بھی برابر کرگئے ہیں۔

ان سے قبل جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن نے سال 2000ء میں 36 ایک روزہ مقابلوں میں جبکہ بھارت کے سچن تنڈولکر نے 2007ء میں 33 ون ڈے میچز میں 13 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے نصف سنچریوں کی تعداد سال
گیری کرسٹن جنوبی افریقہ 36 13 2000ء
سچن تنڈولکر بھارت 33 13 2007ء
مصباح الحق پاکستان 29 13 2013ء
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 36 12 1985ء
کمار سنگاکارا سری لنکا 36 12 2006ء
یونس خان پاکستان 32 12 2002ء
سارو گانگلی بھارت 26 12 2007ء

مصباح سال 2013ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی بننے والے تھے لیکن آخری وکٹ پر سعید اجمل ان کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے پائے اور ان کے سلپ میں کیچ دے بیٹھنے کی وجہ سے پاکستانی اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔ یوں مصباح 1223 رنز کے ساتھ رواں سال سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے بیٹسمینوں میں بدستور دوسرے نمبر پر ہیں۔ بھارت کے ویراٹ کوہلی 1237 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں یعنی انہیں مصباح پر فی الوقت صرف 14 رنز کی برتری حاصل ہے۔

سال 2013ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین باری اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
ویراٹ کوہلی بھارت 31 1237 115* 56.22 98.17 4 7
مصباح الحق پاکستان 29 1223 96* 53.17 71.73 0 13
روہیت شرما بھارت 25 1159 209 55.19 82.14 2 8
شیکھر دھاون بھارت 23 1150 119 54.76 98.12 5 4
جارج بیلی آسٹریلیا 22 1098 156 64.58 100.00 2 8

مصباح الحق نے اپنی اننگز کے اختتامی لمحات میں جنوبی افریقہ کے اسپنر عمران طاہر کو دو شاندار چھکے بھی رسید کیے اور یوں سال بھر میں لگائے گئے چھکوں کی تعداد کو 24 تک پہنچا دیا۔ یوں وہ آسٹریلیا کے جارج بیلی اور بھارت کے روہیت شرما کے بعد سال 2013ء میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے اب تک 30، 30 چھکے لگا رکھے ہیں۔

سال 2013ء میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین باری سنچریاں نصف سنچریاں چوکے چھکے
جارج بیلی آسٹریلیا 22 1098 156 2 8 88 30
روہیت شرما بھارت 25 1159 209 2 8 115 30
مصباح الحق پاکستان 29 1223 96* 0 13 80 24
مہندر سنگھ دھونی بھارت 23 669 139* 1 4 59 23
جارج میکس ویل آسٹریلیا 15 387 92 0 4 36 21

پاکستان کے کپتان کے پاس اب بھی یہ ریکارڈز اپنے نام کرنے کا موقع ہے کیونکہ دورۂ جنوبی افریقہ سے واپسی کے بعد پاکستان اگلے ماہ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف ایک مکمل سیریز کھیلے گا جس کے دوران دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے مقابلے بھی کھیلیں گی۔