پاک-افغان واحد ٹی ٹوئنٹی، 10 پاکستانی کھلاڑی امارات پہنچ گئے

1 1,141

افغانستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے پاکستان کے 10 کھلاڑی لاہور سے دبئی پہنچ گئے ہیں جبکہ تین سینئر کھلاڑی ٹیم کے ساتھ روانہ نہیں ہوئے۔

سعید اجمل نجی مصروفیت کی بناء پر پاک-افغان ٹی ٹوئنٹی مقابلہ نہیں کھیلیں گے (تصویر: AFP)
سعید اجمل نجی مصروفیت کی بناء پر پاک-افغان ٹی ٹوئنٹی مقابلہ نہیں کھیلیں گے (تصویر: AFP)

8 دسمبر کو شارجہ میں طے شدہ واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچنے والے کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، صہیب مقصود، عمر امین، جنید خان، بلاول بھٹی، انور علی، عمر اکمل، حارث سہیل، شرجیل خان اور ذوالفقار بابر شامل ہیں جبکہ شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور سعید اجمل روانہ نہیں ہوئے۔ شاہد آفریدی اپنی اہلیہ کے آپریشن کی وجہ سے روانہ نہیں ہوئے اور ان کی روانگی جمعے کو متوقع ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ اپنے برادر نسبتی کی شادی کی وجہ سے نہیں گئے اور اتوار سے قبل ہی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔

علاوہ ازیں سعید اجمل نے ذاتی مصروفیت کے باعث افغانستان کے خلاف واحد مقابلے میں کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔ البتہ وہ 11 دسمبر سے سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز کے لیے ضرورت دستیاب ہوں گے۔