[ریکارڈز] سب سے کم باریوں میں 4 ہزار ون ڈے رنز

3 1,072

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ دور جدید کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں طویل عرصے تک نمبر ایک پوزیشن پر رہ چکے ہیں۔ تسلسل کے ساتھ کارکردگی ہاشم آملہ کا طرّہ امتیاز ہے، جس کی بدولت وہ محض 84 ویں ایک روزہ مقابلے میں 4 ہزار ون ڈے رنز مکمل کرچکے ہیں۔

ہاشم آملہ سب سے کم اننگز میں 2 ہزار، 3 ہزار اور اب 4 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں (تصویر: AFP)
ہاشم آملہ سب سے کم اننگز میں 2 ہزار، 3 ہزار اور اب 4 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں (تصویر: AFP)

کنگزمیڈ، ڈربن میں بھارت کے خلاف سیریز کے دوسرے ایک روزہ مقابلے میں انہوں نے سب سے کم اننگز میں 4 ہزار رنز بنانے کا 28 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ ایک روزہ کرکٹ تاریخ کے عظیم ترین بلے باز سمجھے جانے والے ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز نے اپریل 1985ء میں اپنی 88 ویں ون ڈے اننگز میں 4 ہزار رنز مکمل کیے تھے لیکن ہاشم نے یہ کارنامہ صرف 81 اننگز میں انجام دے کر تاریخ میں اپنا نام محفوظ کروا لیا ہے۔

ہاشم آملہ اس سے قبل 2 ہزار اور 3 ہزار رنز بھی سب سے کم مقابلوں میں کرنے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں اور جس رفتار اور تواتر کے ساتھ وہ آگے بڑھ رہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ جتنے رنز بھی وہ بناپائے، اس میں ہر ہزاریہ سنگ میل پر وہ یہ ریکارڈ بناتے چلے جائیں گے۔

آج کے میچ سے قبل ہاشم آملہ 53.25 کے اوسط سے 3941 رنز بنا چکے تھے، جس میں 11 سنچریاں اور 23 نصف سنچریاں شامل تھیں لیکن کنگزمیڈ کی سبزی مائل وکٹ پر انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار اظہار کیا اور 100 رنز جوڑ کر نہ صرف 4 ہزار کا ہندسہ عبور کیا بلکہ اپنی سنچریوں کی تعداد بھی 12 کرلی۔

اس باری کے دوران انہوں نے نوجوان ساتھی اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ پہلی وکٹ پر 194 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کی سرزمین پر پروٹیز سب سے بڑی افتتاحی شراکت داری بھی قائم کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ گیری کرسٹن اور مائیک رنڈل کے پاس تھا جنہوں نے 1995ء میں پاکستان کے خلاف پہلی وکٹ پر 190 رنز بنائے تھے۔ حیرتناک بات یہ ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی 10 بہترین اوپننگ شراکت داریوں میں سے 5 بھارت کے خلاف بنی ہیں، جن میں ڈی کوک-ہاشم 194 رنز کی شراکت داری کا نمبر دوسرا ہے۔

ہاشم آملہ اور 20 سالہ ڈی کوک کی شاندار سنچریوں کی بدولت اگر جنوبی افریقہ ڈربن میں بھی فتح یاب ہوا تو سیریز بھی اس کے نام ہوجائے گی۔ تین مقابلوں پر محیط سیریز کا ابتدائی مقابلہ جنوبی افریقہ نے باآسانی 141 رنز سے جیتا تھا۔

سب سے کم اننگز میں 4 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے کھلاڑی

بلے باز ملک مقابلے اننگز
ہاشم آملہ جنوبی افریقہ
84 81
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 96 88
ویراٹ کوہلی بھارت 96 93
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 97 96
برائن لارا ویسٹ انڈیز 104 102