سعید اجمل لنکا ڈھانے کے لیے دبئی پہنچ گئے

1 1,695

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مکمل سیریز کا باضابطہ آغاز اب محض چند دنوں کی بات ہے اور متحدہ عرب امارات میں گزشتہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کو بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت پڑے گی۔ اسپنرز کے سامنے جم کر کھیلنے والے بلے بازوں کے خلاف پاکستان کا زیادہ تر انحصار اسپن جادوگر سعید اجمل پر ہوگا جو آج لاہور سے دبئی پہنچ گئے ہیں۔

اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کی فتوحات کے لیے کوشش کروں گا، سعید اجمل (تصویر: AP)
اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کی فتوحات کے لیے کوشش کروں گا، سعید اجمل (تصویر: AP)

لاہور سے روانگی کے موقع پر ذارئع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور انہیں اس حوالے سے کسی مسئلے کا سامنا نہیں۔ افغانستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی صرف آرام کی غرض سے چھوڑا۔ اب دوبارہ تازہ دم ہوکر سری لنکا کے خلاف میدان میں اتروں گا اور اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کی فتوحات کے لیے کوشش کروں گا۔

پاکستانی اسپنر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے موسم اور حالات سے مطابقت اختیار کرنے میں سری لنکا کو زیادہ مشکل نہیں ہوگی کیونکہ ہوم گراؤنڈ کے مقابلے میں کنڈیشنز زیادہ مختلف نہيں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ سری لنکا سخت حریف ثابت ہوگا لیکن ہماری ٹیم مکمل فارم میں ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ فتوحات نے اس کے حوصلوں کو بلند کیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا باضابطہ آغاز 11 دسمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں مزید ایک ٹی ٹوئنٹی، 5 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔