افغانستان کے ہاتھوں درگت، حفیظ کو سعید اجمل کی یاد ستانے لگی

0 1,049

افغانستان کے ہاتھوں اپنے باؤلرز کی درگت بنتے دیکھ کر کپتان محمد حفیظ کو سعید اجمل یاد آنے لگے ہیں۔

ابتدائی 5 اوورز میں 8 رنز دینے کے بعد اگلے 5 میں پاکستانی باؤلرز کو 51 رنز پڑے (تصویر: Getty Images)
ابتدائی 5 اوورز میں 8 رنز دینے کے بعد اگلے 5 میں پاکستانی باؤلرز کو 51 رنز پڑے (تصویر: Getty Images)

پاک-افغان واحد ٹی ٹوئنٹی میں بمشکل فتح سمیٹنے کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستانی باؤلنگ کی ریڑھ کی ہڈی سعید اجمل ہیں، ان کی عدم موجودگی ہی کی وجہ سے پاک-افغان مقابلہ آخری اوور تک گیا۔ اب سری لنکا کو قابو کرنے کے لیے سعید اجمل کی باؤلنگ لائن اپ میں موجود بہت اہمیت اختیار کرگئی ہے اور پاکستان کی فتح میں ان کا کردار کلیدی ہوگا۔

گزشتہ مقابلے میں مرد میدان قرار پانے والے پاکستانی کپتان نے کہا کہ سری لنکا سخت حریف ضرور ہے لیکن ہماری ٹیم بھرپور فارم میں ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ فتوحات نے اس کے حوصلوں کو بہت مہمیز عطا کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے کے لیے ہم بھی بہترین پوزیشن میں ہیں۔

طویل سیریز میں پاکستان کا پہلا امتحان حفیظ کی زیر قیادت دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں ہی میں ہوگا جو 11 اور 13 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔