وقار یونس کرکٹ تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

2 1,105

'بوریوالہ ایکسپریس' وقار یونس کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے کرکٹ تاریخ کی عظیم ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وقار یونس حنیف محمد، جاوید میانداد، عمران خان اور وسیم اکرم کے پاس ہال آف فیم میں شامل ہونے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی ہیں (تصویر: Getty Images)
وقار یونس حنیف محمد، جاوید میانداد، عمران خان اور وسیم اکرم کے پاس ہال آف فیم میں شامل ہونے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی ہیں (تصویر: Getty Images)

آئی سی سی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں کو ہر سال اپنے 'ہال آف فیم' میں شامل کرتا ہے اور رواں سال وقار یونس اور آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کو اس فہرست میں جگہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ دو مزید کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی رواں ہفتے ہی ہوگا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وقار یونس کو 11 دسمبر کو دبئی میں پاک-سری لنکا پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں اعزاز سے نوازا جائے گا جبکہ ایڈم گلکرسٹ 13 دسمبر سے پرتھ میں ہونے والے تیسرے ایشیز ٹیسٹ میں ہال آف فیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔

وقار یونس اور ایڈم گلکرسٹ کی شمولیت سے ہال آف فیم میں مرد کھلاڑیوں کی تعداد 71ہو جائے گی۔

پاکستان کے حنیف محمد، جاوید میانداد، عمران خان اور وسیم اکرم پہلے ہی ہال آف فیم میں شامل ہیں جبکہ گلکرسٹ آسٹریلیا کے 19 ویں کھلاڑی ہوں گے۔

87 ٹیسٹ مقابلوں میں 373 اور 262 ایک روزہ مقابلوں میں 416 وکٹیں حاصل کرنے والے وقار یونس پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے بہترین گیندبازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ آپ نے 17 ٹیسٹ اور 62 ایک روزہ مقابلوں میں پاکستان کی قیادت بھی کی اور 2003ء کے عالمی کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کش ہوگئے اور اب کوچ اور تبصرہ کار کی حیثیت سے کرکٹ سے وابستہ ہیں۔ اپنے زمانے میں وسیم اکرم کے ساتھ ان کی جوڑی کو کرکٹ تاریخ کی بہترین باؤلنگ جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ سال برائن لارا، گلین میک گرا اور شین وارن کو ہال آف فیم میں جگہ دی تھی۔