بھارتی ٹیم کی کارکردگی پر آسمان بھی رو دیا؛ آخری ایک روزہ بارش کی نذر

3 1,071

دورہ جنوبی افریقہ میں بھارتی ٹیم کی ناقص ترین کارکردگی کا سلسلہ طویل ہوتا جا رہا ہے۔ اپنے میدانوں میں رنز کے انبار لگانے والی ٹیم آج مخالف ٹیموں کے سامنے بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ آخری ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم کی گیند بازی کے ساتھ انتہائی خراب فیلڈنگ دیکھ کر تو جیسے آسمان بھی رو دیا اور میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

ڈی کوک اور ڈیولیئرز کے خلاف بھارتی گیند باز بالکل بے بس نظر آئے (تصویر: BCCI)
ڈی کوک اور ڈیولیئرز کے خلاف بھارتی گیند باز بالکل بے بس نظر آئے (تصویر: BCCI)

بارش سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بلے بازی شروع کی تو بھارتی بولرز گزشتہ دو مقابلوں کی ذلت آمیز شکست کا بدلا لینے کے جزبے سے سرشار نظر آئے۔ محمد شامی اور ایشانت شرما کی جوڑی نے صرف 28 رنز پر تین اہم پروٹیز بلے بازوں ہاشم آملہ، ہینری ڈیوس اور جے پی ڈومینی کو پویلین بھیج دیا۔ بالرز کی کارکردگی بہتر ہونے لگی تو بھارت کی خراب فیلڈنگ نے رنگ دکھانا شروع کردیا۔ جنوبی افریقہ کے نوجوان اوپنر ڈی کوک کو قابو کرنے کی دو کوششیں ضائع ہوئیں کہ جب وہ صرف 37 اور 43 کے انفرادی اسکور پر موجود تھے۔ ان فارم وکٹ کیپر بلے باز نے ان مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور مسلسل تیسرے ایک روزہ میں سنچری اننگز کھیل کر تاریخ رقم کردی۔ ڈی کوک کی 101 رنز کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں ڈی کوک  نے کپتان اے بی ڈیولیئرز کے ہمراہ 171 رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہوجانے کے بعد ڈیولیئرز نے بھارتی بالروں کی دھلائی کا سلسلہ جاری رکھا اور 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی 16ویں سنچری بنائی۔ بعد ازاں ڈیوڈ ملر نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے 34 گیندوں پر 56 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کے مجموعی اسکور کو 301 رنز تک پہنچا دیا۔

بھارت کی جانب سے ایشانت شرما کی گیند بازی قابل ذکر رہی جنہوں نے 10 اوورز میں 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد شامی کے حصے میں 3 اور امیش یادوو کے حصے میں 1 وکٹ آئی تاہم یہ دونوں کھلاڑی کافی مہنگے ثابت ہوئے جن کے رنز دینے کی اوسط بلاترتیب 6.90 اور 6.33 رہی۔

بارش کے باعث بھارت کو بلے بازی کا موقع نہ مل سکا اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے منتظمین نے مقابلے کو منسوخ کردیا۔ یوں جنوبی افریقہ 3 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز 2-0 سے جیت گیا۔ کوئنٹن دی کوک کو سیریز کے تینوں مقابلوں میں سنچریاں اسکور کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقہ نے مسلسل تین بار 300 رنز بنا کر بھارت کی بلے بازی پر منحصر کمزور حکمت عملی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ یہ دسواں موقع ہے کہ سال 2013ء میں بھارت کے خلاف 300 یا زائد رنز بنے ہوں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ بھارت ہی کے پاس تھا کہ جب 2009ء میں بھارتی ٹیم کے خلاف 9 بار ایک اننگز میں تین سو یا زائد رنز بنائے گئے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کی شروعات 18 دسمبر کو ہوگی کہ جب ٹیسٹ رینکنگ کی دو سر فہرست ٹیمیں جوہانسبرگ کے میدان میں اتریں گی۔