آئی سی سی ایوارڈز 2013ء کا اعلان؛ 11 فاتحین میں عمر گل بھی شامل

6 1,093

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایوارڈز 2013ء کے فاتحین کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک سال کے بہترین کھلاڑی کے لیے 'سرگارفیلڈ سوبرز ٹرافی' اور بہترین ٹیسٹ کھلاڑی کے اعزاز کے حامل قرار پائے ہیں جبکہ تمام نامزدگیوں میں سے پاکستان کو صرف ایک اعزاز مل سکا ہے جو عمر گل نے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر حاصل کیا۔

عمر گل کو رواں سال جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار باؤلنگ پر سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی کارکردگی کا ایوارڈ ملا (تصویر: AFP)
عمر گل کو رواں سال جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار باؤلنگ پر سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی کارکردگی کا ایوارڈ ملا (تصویر: AFP)

عمر گل نے مارچ 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف 6 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو زبردست فتح دلوائی تھی۔ البتہ گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان کے اسپن'جادوگر' سعید اجمل کو نظر اندازکر دیا گیا ہے جو ایک روزہ عالمی درجہ بندی میں اس وقت بھی سرفہرست گیند باز ہیں۔

دونوں اعلیٰ ترین اعزازات جیتنے والے مائیکل کلارک آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ سال کی بہترین ایک روزہ اور ٹیسٹ ٹیم دونوں میں شامل ہیں۔ مائیکل کلارک ستمبر 2012ء سے اگست 2013ء کے دورانیے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 70 سے زائد رنز اوسط سے 1559 رنز بنائے جن میں پانچ سنچریاں اور دو ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔ کلارک کی قیادت میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 4-0 سے شاندار فتح حاصل کی اور اب جاری ایشیز سیریز میں بھی 2-0 کی برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔

سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑی کا اعزاز سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو دیا گیا ہے جنہوں نے پچھلی بار سال کے بہترین کھلاڑی، سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑی اور عوام کے پسندیدہ کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ مقررہ دورانیہ میں سنگاکارا نے 63.73 کی اوسط سے 956 رنز بنائے جن میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 169 بھی شامل ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بنایا۔

آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا اعزاز بھارت کے چیتشور پجارا کو دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیموں میں سے بہترین کھلاڑی آئیرلینڈ کے کیون اوبرائن قرار پائے ہیں۔

سال کے بہترین امپائر کے لیے اعزاز 'ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی' اس مرتبہ انگلستان سے تعلق رکھنے والے رچرڈ کیٹل بورو کو ملی۔

آئی سی سی ایوارڈز 2013ء کے دیگر فاتحین میں سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے (آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ)، نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس (سال کی بہترین ایک روزہ کھلاڑی) اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ کی رکن سارہ ٹیلر (سال کی بہترین ٹونٹی 20 خاتون کھلاڑی) شامل ہیں۔ سارہ ٹیلر پچھلی بار بھی سال کی بہترین ٹونٹی 20 خاتون کھلاڑی رہی تھیں۔

عوام کے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی پہلے ہی پیپلز چوائس ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں تاہم وہ دھونی سال کے بہترین کھلاڑی اور سال کے بہترین ایک روزہ کھلاڑی کا اعزاز پانے میں ناکام رہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے چند روز قبل ہی سال کے بہترین ٹیسٹ اور ون ڈے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کا اعلان کیا تھا، جو درج ذیل ہیں:

سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم:

ایلسٹر کک (کپتان)، چتشوار پجارا، ہاشم آملہ، مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، ابراہم ڈی ولیئرز، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، گریم سوان، ڈیل اسٹین، جیمز اینڈرسن اور روی چندر آشون (بارہویں کھلاڑی)۔

سال کی بہترین ایک روزہ ٹیم:

تلکارتنے دلشان، شیکھر دھاون، ہاشم آملہ، کمار سنگاکارا، ابراہم ڈی ولیئرز، مہندر سنگھ دھونی (کپتان و وکٹ کیپر) رویندر جدیجا، سعید اجمل، مچل اسٹارک، جیمز اینڈرسن، لاستھ ملنگا اور مچیل میک کلیناہن (بارہویں کھلاڑی)۔

آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین اعزازات اور ان کو حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست:

اعزازات فاتح ملک
سال کا بہترین کھلاڑی "سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی" مائیکل کلارک آسٹریلیا آسٹریلیا
سال کا بہترین ٹیسٹ کھلاڑی مائیکل کلارک آسٹریلیا آسٹریلیا
سال کا بہترین ایک روزہ کھلاڑی کمار سنگاکارا سری لنکا سری لنکا
سال کی بہترین خاتون ایک روزہ کھلاڑی سوزی بیٹس نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ
سال کا بہترین ابھرتا ہوا کھلاڑی چیتشور پجارا بھارت بھارت
سال کا بہترین ایسوسی ایٹ کھلاڑی کیون اوبرائن آئرلینڈ آئرلینڈ
سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی کارکردگی عمر گل پاکستان پاکستان
سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی خاتون کھلاڑی سارہ ٹیلر انگلستان انگلستان
اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ مہیلا جے وردھنے سری لنکا سری لنکا
سال کا بہترین امپائر "ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی" رچرڈ کیٹل بورو انگلستان انگلستان
پیپلز چوائس ایوارڈ مہندر سنگھ دھونی بھارت بھارت