یقینی نہیں کہ ورلڈ ٹوئنٹی میں کپتان محمد حفیظ ہی ہوں: نجم سیٹھی

6 2,460

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک روزہ کپتان مصباح الحق کو تو عالمی کپ 2015ء تک قیادت کا پروانہ جاری کردیا ہے لیکن حیران کن طور پر صرف تین ماہ بعد ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قیادت محمد حفیظ ہی کریں گے، اس امر کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔

مصباح کو تقریبا ڈیڑھ سال کا پروانہ مل گیا، لیکن حفیظ کے لیے تین مہینے بھی یقینی نہیں (تصویر: WICB)
مصباح کو تقریبا ڈیڑھ سال کا پروانہ مل گیا، لیکن حفیظ کے لیے تین مہینے بھی یقینی نہیں (تصویر: WICB)

یہ حیرت انگیز انکشاف پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی سلیکشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور مارچ میں بنگلہ دیش میں طے شدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء میں قیادت کون کرے گا؟ اس کا فیصلہ سلیکٹرز ہی کریں گے۔ مصباح کو اگلے عالمی کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی سلیکٹرز نے ہی کیا تھا۔

صحافی کی حیثیت سے شہرت رکھنے والے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصےکے لیے مصباح کو قائد بنانے کے فیصلے سے ٹیم میں چہ میگوئیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔ البتہ ان کا کہنا تھاکہ میری "چڑیا" کے پاس بڑی خبریں ہیں اور ان پر میں ضرور ایکشن لوں گا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ میں 960 لوگ کام کر رہے ہیں جبکہ اسے 60 ملازمین کے ذریعے بھی چلایا جا سکتا ہے۔ عدالت کے فیصلوں کے باعث وہ کرکٹ بورڈ میں ایسے فیصلے نہیں کرسکتے جو طویل مدتی ہوں بلکہ ان کا کردار محض روزمرہ امور کو نمٹانے تک ہی محدود ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ ڈیو واٹمور کے عہدے کی میعاد مکمل ہونے کے بعد نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگلے کوچ کے حوالے سے کسی پاکستانی سے بات نہیں ہوئی۔ وقار یونس سے ملاقات کی باتوں میں کوئی صداقت نہيں، میری تو زندگی میں ان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی بلکہ اس سلسلے میں تو کسی ملکی کرکٹر سے بات ہی نہیں ہوئی۔ سیٹھی نے کہا کہ ہم قومی کرکٹ ٹیم کے علاوہ پاکستان 'اے' کے لیے بھی باقاعدہ کوچ مقرر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور جلد پاکستان کے 'اے' ٹیم کے باقاعدہ دورے بھی شروع ہوں گے جس سے ہمیں باصلاحیت کھلاڑیوں کو نکھارنے مدد ملے گی۔

ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ جاوید میانداد سے کوئی تنازع نہیں ہے، بلکہ انہوں نے ڈومیسٹک کا ایسا ڈھانچہ مرتب کرکے دیا ہے جو کرکٹ کو بدل دے گا۔