دعوت نامہ قبول، پاکستانی وزیر اعظم سیمی فائنل دیکھنے بھارت جائیں گے

3 1,078

وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ کا دعوت نامہ قبول کر لیا ہے جس میں انہیں عالمی کپ 2011ء کے سیمی فائنل دیکھنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ پاکستان اور میزبان بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان یہ سیمی فائنل 30 مارچ کو چندی گڑھ میں کھیلا جائے گا۔

2008ء میں ممبئی کے دہشت گرد حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی خراب ہو گئے تھے اور دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیمیں اس وقت ایک دوسرے کی سرزمین پر نہیں کھیلیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کا یہ دعوت نامہ اس طویل سردمہری کو توڑے گا جو اس اندوہناک واقعے کے بعد پیدا ہوگئی تھی۔

پاکستان کے صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے اس حوالے سے بتایا کہ "بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دعوت نامے کو قبول کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی پاک-بھارت سیمی فائنل دیکھنے چندی گڑھ جائیں گے۔"

کرکٹ کا پاک بھارت تعلقات میں ایک اہم کردار رہا ہے۔ 1987ء میں پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستان کے صدر ضیاء الحق جے پور ٹیسٹ دیکھنے پہنچ گئے تھے اور اس موقع پر انہوں نے بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی سے بھی ملاقات کی تھی۔ پھر 2004ء میں بھارت نے 15 سال بعد ایک مکمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا جسے'دوستی سیریز' کا نام دیا گیا۔ بعد ازاں سابق صدر پرویز مشرف بھی دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کا فائنل میچ دیکھنے بھارت گئے۔ یہ میچ 17 مارچ 2005ء کو دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھلا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی دونوں کو سیمی فائنل دیکھنے کے لیے دعوت نامہ بھیجا تھا۔