[انٹرویوز] پہلے مقابلے نے ثابت کردیا، باقی میچز آسان نہیں ہوں گے: اقبال قاسم

4 1,065

پاکستان اور سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی طرح ایک روزہ مرحلے کا پہلا مقابلہ بھی کانٹے دار ثابت ہوا۔ دیکھنے والوں کو آخری اوور تک یقین نہیں تھا کہ "اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟"۔ اتنے تناؤ بھرے مقابلے میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے جہاں قومی ٹیم کو مبارکباد دی، وہیں عندیہ بھی دیا ہے کہ اس مقابلے میں سے دونوں ٹیموں کی قوت کا بھرپور اندازہ ہوگیا ہے اور ثابت ہوچکا کہ سیریز کے بقیہ مقابلے بھی آسان نہیں ہوں گے۔

پہلے مقابلے کے بعد اب کوئی ٹیم فیورٹ نہیں، کانٹے دار مقابلے ہوں گے: سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم (تصویر: Getty Images)
پہلے مقابلے کے بعد اب کوئی ٹیم فیورٹ نہیں، کانٹے دار مقابلے ہوں گے: سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم (تصویر: Getty Images)

کرک نامہ سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال قاسم کا کہنا تھا پہلے ایک روزہ میں جیسی کرکٹ کھیلی گئی، اس سے شائقین ضرور محظوظ ہوئے لیکن کامیابی کے باوجود ہمیں اس امر کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کہ اس میچ سے سری لنکا نے اپنی جیتنے کی بھرپور صلاحیت کا اظہار کیا ہے اور سیریز کے بقیہ میچز میں بھی کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ یعنی دونوں میں سے کسی بھی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

'بنگلور کے ہیرو' کے طور پر معروف اقبال قاسم نے کہا کہ شاہد آفریدی ہمیشہ سے ایک اسٹار کھلاڑی رہے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد شارجہ میں پہلے ون ڈے میں بھی انہوں نے جس طرح کی کارکردگی پیش کی ہے، اس سے یہی لگتا ہے کہ شاہد کی پرفارمنس دونوں ٹیموں میں فرق ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ شاہد آفریدی سیریز کے بقیہ مقابلوں میں بھی شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔

نوجوان کھلاڑیوں شرجیل خان اور صہیب مقصود کی کارکردگی کے حوالے سے اقبال قاسم نے کہا کہ دونوں کے دلکش اسٹروکس دیکھ کر بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ مکمل فارم میں ہیں اور امید ہے کہ آئندہ مقابلوں میں بھی اچھی کارکردگی پیش کریں گے۔ انہوں نے محمد حفیظ کی فارم میں واپسی کو بھی قومی ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

پاکستان او رسری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ جمعہ 20 دسمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔