[ریکارڈز] مصباح سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بیٹسمین

پاکستان کے کپتان مصباح الحق کے لیے 2013ء انفرادی سطح پر ایک یادگار سال رہا ہے اور آج کیریئر کی 34 ویں اور سال کی ریکارڈ 14 ویں نصف سنچری کے ذریعے انہوں نے تاریخ میں اپنا نام امر کرلیا ہے۔

'کیپٹن فنٹاسٹک' نے مہان سچن تنڈولکر اور گیری کرسٹن کا ریکارڈ توڑا (تصویر: AFP)

'کیپٹن فنٹاسٹک' نے مہان سچن تنڈولکر اور گیری کرسٹن کا ریکارڈ توڑا (تصویر: AFP)

سری لنکا کے خلاف دبئی میں کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈےمقابلے کے دوران مصباح الحق نے 62 گیندوں پر ناقابل شکست 59 رنز بنائے اور یوں ایک سال میں سب سے زیادہ 14 نصف سنچریوں کا نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔

ان سے قبل سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن اور بھارت کے عظیم بلے باز سچن تنڈولکر کے پاس تھا۔

گیری کرسٹن نے 2000ء میں 13 نصف سنچریاں بنا کر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بیٹسمین ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز کا 1985ء میں بنایا گیا 12 نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑا تھا۔سچن تنڈولکر نے 2007ء میں گیری کرسٹن کا یہ ریکارڈ برابر کیا ۔

مصباح الحق دبئی میں اسی نصف سنچری کے دوران سال 2013ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے۔ انہوں نے بھارت کے ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال میں 1282 رنز بنائے ہیں۔

سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک سال نصف سنچریاں
مصباح الحق پاکستان 2013ء 14
گیری کرسٹن  جنوبی افریقہ 2000ء 13
سچن تنڈولکر  بھارت 2007ء 13
ویوین رچرڈز  ویسٹ انڈیز 1985ء 12
یونس خان  پاکستان 2002ء 12
کمار سنگاکارا  سری لنکا 2006ء 12
سارو گانگلی  بھارت 2007ء 12
گریم اسمتھ  جنوبی افریقہ 2007ء 12
مارک واہ  آسٹریلیا 1999ء 11
ژاک کیلس  جنوبی افریقہ 2000ء 11
محمد یوسف  پاکستان 2003ء 11
مائیکل ہسی  آسٹریلیا 2009ء 11

 

Facebook Comments