عمر گل شارجہ پہنچ گئے، آج کھیلنے کا امکان

4 1,055

سری لنکا کے خلاف ابتدائی دونوں ون ڈے مقابلوں میں باؤلرز کی پٹائی، بلکہ ٹیل اینڈرز کے ہاتھوں بھی دھنائی کے بعد کپتان مصباح الحق نے 'نجات دہندہ' کی حیثیت سے عمر گل طلب کرلیا تھا اور کپتان کی اس 'ہنگامی' فرمائش پر عمر گل فوراً سے پیشتر شارجہ پہنچ گئے ہیں ۔

عمر گل پاکستان کی باؤلنگ لائن اپ کو تقویت پہچانے کے لیے عرب امارات پہنچے ہيں (تصویر: AFP)
عمر گل پاکستان کی باؤلنگ لائن اپ کو تقویت پہچانے کے لیے عرب امارات پہنچے ہيں (تصویر: AFP)

شارجہ بروقت آمد کے بعد امکان ہے کہ عمر گل آج ہونے والے تیسرے ایک روزہ مقابلے میں پاکستان کی جانب سے کھیل سکیں گے۔ ان کی واپسی سے بلاول بھٹی یا سہیل تنویر میں سے کسی ایک کھلاڑی کو باہر بٹھایا جائے گا۔ سفر کی تھکاوٹ یا کسی اور وجہ سے ہوسکتا ہے عمر گل نہ کھیلیں، اس صورت میں انور علی کی واپسی کے امکانات روشن ہیں۔ البتہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بلاول اور سہیل کو باہر بٹھا کر عمر گل اور انور علی کو شامل کیا جائے۔

اگر عمر گل آج کا مقابلہ کھیلتے ہیں تو یہ تقریباً 9 ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں ان کا پہلا مقابلہ ہوگا۔ وہ رواں سال 15 مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے دوران زخمی ہوئے تھے جس کے بعد انہیں آسٹریلیا میں گھٹنے کا آپریشن کروانا پڑا اور طویل عرصہ کرکٹ سے دور رہے۔ صحت یابی کے بعد انہوں نے پریزیڈنٹ ٹرافی کے ایک حالیہ مقابلے میں حبیب بینک کی جانب سے میچ میں 11 وکٹیں بھی حاصل کیں اور غالباً یہی کارکردگی ہے جس نے ان کی فوری واپسی کی راہ ہموار کی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ایک روزہ مقابلہ آج شام 4 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا اور سیریز ایک-ایک سے برابر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے لیے یہ مقابلہ بہت اہم ہے۔