احمد شہزاد کو دلشان سے جھگڑا مہنگا پڑ گیا، 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد

4 1,063

تند خوئی اور حریف کے زچ کرنے کے لیے زبان کے استعمال میں پاکستان کے نوجوان اوپنر احمد شہزاد خاصی شہرت رکھتے ہیں اور عالمی کپ 2011ء میں کینیڈا کے خلاف سخت مقابلے میں پاکستان کی فتح میں ایک کردار احمد شہزاد کا بھی رہا ہے جنہوں نے کینیڈین بلے بازوں کو خاصا تنگ کیا۔ لیکن گزشتہ شب شارجہ میں ہونے والے مقابلے میں احمد شہزاد کو حریف بلے باز تلکارتنے دلشان کے خلاف یہی حرکت مہنگی پڑ گئی۔

احمد شہزاد کو اپنی توجہ مکمل طور پر کھیل پر مرکوز رکھنی چاہیے (تصویر: AFP)
احمد شہزاد کو اپنی توجہ مکمل طور پر کھیل پر مرکوز رکھنی چاہیے (تصویر: AFP)

پاک-لنکا تیسرے ون ڈے کے دوران جب سری لنکا 327 رنز کے ہدف کا تعاقب کررہا تھا تو 19 واں اوور مکمل ہونے کے بعد احمد شہزاد اور دلشان کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دلشان نے اپنا بلّا اٹھا کر کندھے پر رکھ لیا جو دائیں جانب کھڑے احمد شہزاد کے چہرے کے بہت قریب آ گیا۔ انہوں نے بلّے کو ہاتھ سے پکڑ کر نیچے کرتے ہوئے انگلی کے اشارے سے غصے میں دلشان کو تنبیہ کی اور دلشان کا جواب پاکر انہیں دھکا دے بیٹھے۔ قریب کھڑے شاہد آفریدی درمیان میں کودے لیکن امپائروں کی نظروں میں یہ کارروائی آ چکی تھی اور کیمرے کے ذریعے کروڑوں شائقین نے بھی دیکھی۔

امپائروں کی جانب سے بیچ بچاؤ کے دوران احمد شہزاد نے باآواز بلند کچھ امپائروں سے بھی کہا اور میچ ریفری ڈیوڈ بون نے اس پوری کارروائی پر نوٹس لیتے ہوئے احمد شہزاد کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور انہیں میچ کی 50 فیصد فیس کا جرمانہ ادا کردیا۔

احمد شہزاد کو غلطی تسلیم کرنے اور معذرت کے باعث مزید کسی پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا لیکن اب انہیں پھونک پھونک کر قدم رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی چند بہترین کھلاڑیوں کے کیریئر کے خاتمے کا سبب بنی ہے۔