پاک-لنکا ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکن دستے کا اعلان، مہیلا کی واپسی

0 1,021

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اپنے 16 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے ، جس کا سب سے اہم پہلو تجربہ کار بلے باز مہیلا جے وردھنے کی واپسی ہے۔

مہیلا جے وردھنے کی آمد سے سری لنکن بیٹنگ لائن کو بہت تقویت ملے گی (تصویر: Getty Images)
مہیلا جے وردھنے کی آمد سے سری لنکن بیٹنگ لائن کو بہت تقویت ملے گی (تصویر: Getty Images)

مہیلا جے وردھنے نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت نہیں کی تھی اور بلاشبہ اب تک ہونے والے تین مقابلوں میں سری لنکا نے ان کی کمی کو شدت کے ساتھ محسوس بھی کیا ہے۔ سری لنکا اپنے مستند بلے بازوں کی ناکامی ہی کی وجہ سے سیریز میں اس وقت 2-1 کے خسارے میں ہے گو کہ سیریز کے ابھی دو مقابلے باقی ہیں۔ لیکن ٹیسٹ مرحلے میں مہیلا کی آمد سری لنکا کو ضرور تقویت بخشے گی۔

علاوہ ازیں سری لنکا نے وکٹ کیپر پرسنا جے وردھنے کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ پرسنا وکٹوں کے پیچھے ذمہ داریوں کے علاوہ بلے بازی میں بھی اچھی خاصی مہارت رکھتے ہیں اور پاکستانی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو یاد ہوگا کہ 2011ء میں پاک-لنکا ابوظہبی ٹیسٹ میں ان کی سنچر ی نے کس طرح سری لنکا کو یقینی شکست سے بچایا تھا۔

سری لنکا نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے والے تلکارتنے دلشان کی جگہ کوشال سلوا کو دستے میں شامل کیا ہے۔ علاوہ ازیں محدود اوورز کی طرز میں سری لنکا کی نمائندگی کرنے والے سچیتھرا سینانائیکے اور دلرووان پیریرا بھی پہلی بار ٹیسٹ میں شامل ہوئے ہیں۔ البتہ کئی متوقع نام ٹیم میں شامل نہیں ہیں جیسا کہ اجنتھا مینڈس، جنہیں غالباً رنگانا ہیراتھ کی شمولیت کی وجہ سے جگہ نہیں مل سکی۔ علاوہ ازیں آل راؤنڈر تھیسارا پیریرا کو بھی باہر کا راستہ دکھایا گیا ہے۔

شامنڈا ایرنگا اور نووان پردیپ کی کافی عرصے بعد ٹیم میں واپسی کے علاوہ سری لنکن دستے میں کئی نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

پاک-لنکا ٹیسٹ سیریز کا آغاز 31 دسمبر کو ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں مزید دو مقابلے کھیلیں گی۔ سری لنکا کافی عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ سے باہر ہے اور آخری مرتبہ اس نے رواں سال مارچ میں گھریلو میدانوں پر بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی تھی۔ سال 2013ء میں اب تک سری لنکا نے محض 3 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔ اس لیے سری لنکا کے لیے پاکستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے بالخصوص اگر اس کی درجہ بندی کو دیکھا جائے تو، کیونکہ وہ اس وقت ساتویں نمبر پر ہے۔

اعلان کردہ سری لنکا کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

اینجلو میتھیوز (کپتان)، پرسنا جے وردھنے، دلرووان پیریرا، دنیش چندیمال، دیموتھ کونارتنے، رنگانا ہیراتھ، سچیتھرا سینانائیکے، سورنگا لکمل، شامنڈا ایرنگا، کمار سنگاکارا، کوشال سلوا، لاہیرو تھریمانے، مہیلا جے وردھنے، نووان پردیپ، نووان کولاسیکرا اور وشو فرنینڈو۔