بھارت کو برتری حاصل ہے، میچ دلچسپ ہوگا؛ کلائیو لائیڈ

2 1,018

ماضی کے عظیم کھلاڑی اور دو مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی کالی آندھی کے سابق قائد کلائیو لائیڈ نے کہا ہے کہ عالمی کپ 2011ء کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو اپنی طویل و مضبوط بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان پر برتری حاصل ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ یووراج سنگھ پاک بھارت سیمی فائنل میں اہم کردار ادا کریں گے۔

کلائیو لائیڈ نے کہا کہ اگر بھارت پہلے بلے بازی کرے تو وہ اچھا آغاز لے اور اسکور کارڈ پر بڑا مجموعہ اکٹھا کرے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں پڑوسیوں کے درمیان یہ مقابلہ بہت دلچسپ ہوگا۔ واضح کہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان اور بھارت دو روایتی حریف کہلاتے ہیں اور ان دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والا عام مقابلہ بھی کسی بڑے ایونٹ کے فائنل سے کم حیثیت نہیں رکھتا.

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کلائیو لائیڈ نے کہا کہ بھارت کی کمزور ترین کڑی ان کی بالنگ ہے اور انہیں سیمی فائنل جیتنے کے لیے لازماً پاکستان کو آل آؤٹ کرنا ہوگا۔ انہوں نے بھارت کی بالنگ کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بالنگ اور فیلڈنگ دونوں شعبوں میں برتری حاصل ہے لیکن اس دن میچ وہی ٹیم جیتے گی جو اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی کپ 2011ء کا دوسرا سیمی فائنل اب سے ایک روز بعد بدھ 30 مارچ کو پنجاب کرکٹ ایسوسی اسٹیڈیم، موہالی، چندی گڑھ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل آسٹریلوی قائد رکی پونٹنگ بھی مذکورہ ہائی پروفائل سیمی فائنل مقابلے میں بھارتی ٹیم کی فتح کی پیش گوئی کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں سابق پاکستانی کپتان راشد لطیف نے بھی بھارت کو فیورٹ قرار دے چکے ہیں۔