عمر گل ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت پر شاداں

2 1,077

عمر گل سری لنکا کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ میں دھماکے دار واپسی سے نہ صرف ایک روزہ ٹیم میں مستقل مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں بلکہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ دستے میں بھی شامل ہوچکے ہیں جس سے ان کی خوشیاں دو بالا ہوگئی ہیں۔

عمر گل دس ماہ بعد سفید وردی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے (تصویر: AFP)
عمر گل دس ماہ بعد سفید وردی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے (تصویر: AFP)

رواں سال فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران دائیں گھٹنے میں انجری کا شکار ہونے والے عمر گل تقریباً 9 ماہ بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہے۔ اس دوران انہوں نے علاقائی کرکٹ میں حصہ لے کر اپنی فارم کو بحال کیا اور قومی ٹیم میں واپسی کے لیے زبردست محنت کی جس کا پھل آج انہیں مل رہا ہے۔

تیز گیند باز عمر گل نے ٹیم میں شامل ہوتے ہی سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں میں سخت جدوجہد کرنے والی پاکستانی ٹیم کے برق رفتار باؤلنگ اٹیک میں جان ڈال دی جس سے پاکستان نے اگلے دونوں مقابلوں میں حریف ٹیم کو یکطرفہ مقابلوں کے بعد ہرایا اور سیریز میں ناقابل شکست برتری بھی حاصل کی۔ عمر گل نے اپنے پہلے میچ میں 19 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور دوسرے مقابلے میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کے خلاف فتوحات میں کلیدی کردار ادا کرنے والے عمر گل نے 25 دسمبر کو سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیت کو یوم جناح کا انعام قرار دیا اور ساتھ ہی ٹیسٹ دستے میں واپسی پر بھی مسرت کا اظہار کیا۔  29 سالہ عمر گل کہتے ہیں کہ وہ ہر طرز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے بے چین ہیں اوراب  ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت سے ملنے والے موقع کا فائدہ اٹھانے کے لیے بھی بیتاب ہیں۔

ٹیسٹ طرز کرکٹ میں 163 وکٹیں حاصل کرنے والے عمر گل 27 دسمبر کو جاری سیریز کے آخری ایک روزہ میچ  کے بعد 31 دسمبر سے دونوں ممالک کے درمیان شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں زبردست کارکردگی دکھانے کے خواہاں ہیں۔

یاد رہے کہ ابتداء میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں عمر گل شامل نہیں تھے تاہم پاک - لنکا سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں گیند بازوں کی غیر تسلی بخش کارکردگی بعد پاکستان نے ہنگامی طور پر عمر گل کو متحدہ عرب امارات طلب کیا۔