خواہش تھی کہ میرا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ نہ ٹوٹے: شاہد آفریدی

5 1,468

پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے لیے نئے سال کا آغاز اس طرح ہوا کہ انہیں صبح یہ کہہ کر اٹھایا گیا کہ "چاچو! آپ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے"۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز کوری اینڈرسن کی جانب سے تیز ترین سنچری بنانے کا اپنا ریکارڈ ٹوٹ جانے پر پاکستانی آل راؤنڈر نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میرا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ نہ ٹوٹے۔

اب میری نظریں 8 ہزار رنز اور 400 وکٹیں لینے والا پہلا آل راؤنڈر بننے پر مرکوز ہیں: شاہد آفریدی (تصویر: AFP)
اب میری نظریں 8 ہزار رنز اور 400 وکٹیں لینے والا پہلا آل راؤنڈر بننے پر مرکوز ہیں: شاہد آفریدی (تصویر: AFP)

اپنا 17 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بتایا کہ میں صبح سو رہا تھا کہ بھتیجے نے آ کر بتایا کہ میرا ورلڈ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ گو کہ میری خواہش تھی کہ جب تک پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کھیلوں کم از کم یہ ریکارڈ نہ ٹوٹے لیکن بہرحال ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں اور میرے لیے یہی اعزاز کافی ہے کہ 17 سال تک تیز ترین سنچری کا ریکارڈ میرے پاس رہا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ اب میری نظر ایک روزہ کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے اور 400 وکٹیں لینے پر مرکوز ہیں۔ اس وقت شاہد آفریدی کے ون ڈے رنز کی تعداد 7 ہزار 516 ہے جبکہ وہ 375 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا مجھ پر خصوصی کرم رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ ان ریکارڈز کو بنانے میں بھی وہ میری بھرپور مدد کرے گا۔

شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996ء میں اس وقت کے عالمی چیمپئن سری لنکا کے خلاف کینیا کے شہر نیروبی میں 37 گیندوں پر سنچری بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس وقت شاہد آفریدی کی عمر صرف 16 سال تھی اور وہ اپنا دوسرا ون ڈے اور پہلی اننگز کھیل رہے تھے۔ جبکہ کوری اینڈرسن نے اپنے ساتویں ون ڈے مقابلے میں 47 گیندوں پر 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی سنچری 36 گیندوں پر مکمل کی۔

اگر شاہد آفریدی 8 ہزار رنز اور 400 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ اس سنگ میل کو حاصل کرنے والے ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے آل راؤنڈر بن جائیں گے۔