بنگلہ دیش ہی ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا

1 1,021

سنگین و کشیدہ حالات کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش سے ایشیا کپ 2014ء کی میزبانی واپس لینے سے انکار کردیا ہے اور اب ٹورنامنٹ طے شدہ وقت کے مطابق 27 فروری سے بنگلہ دیش ہی میں کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ کی میزبانی تو بچ گئی، اب بنگلہ دیش کا سب سے بڑا امتحان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی بچانا ہوگا (تصویر: BCB)
ایشیا کپ کی میزبانی تو بچ گئی، اب بنگلہ دیش کا سب سے بڑا امتحان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی بچانا ہوگا (تصویر: BCB)

پاکستان کی جانب سے چند روز قبل بنگلہ دیش میں امن و امان کی ناقص صورتحال پر اظہار تشویش کی وجہ سے ایشیا کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا تھا۔ بنگلہ دیش میں گزشتہ ماہ حزب اختلاف کے اہم رہنما کو پھانسی دینے اور بعد ازاں اپوزیشن کی مختلف جماعتوں کے خلاف طاقت کے استعمال نے حالات انتہائی خراب کردیے ہیں۔ پاکستان نے جماعت اسلامی کے رہنما عبد القادر ملا کو پھانسی دیے جانے کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی تھی جس کے ردعمل میں ڈھاکہ سمیت بڑے شہروں میں پاکستان مخالف زبردست مظاہرے بھی ہوئے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو قومی ٹیم کے تحفظ کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں اور اس کا اظہار گزشتہ دنوں بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں بھی کیا گیا۔

انہی خدشات کے باعث ایشین کرکٹ کونسل نے ہفتے کی صبح کولمبو میں اجلاس طلب کیا جہاں بنگلہ دیش سے ایشیا کپ کی میزبانی نہ لینے کا اعلان کیا گیا۔ علاوہ ازیں اے سی سی نے فیصلہ کیا کہ افغانستان کی ٹیم بھی ایشیا کپ میں حصہ لے گی جس کی وجہ سے اب ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کی تعداد بڑھ کر 5 اور مقابلوں کی تعداد 11 ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل کو پیشکش کی تھی کہ اگر وہ ایشیا کپ کو کسی اور مقام پر منتقل کرنا چاہیے تو سری لنکا میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ساتھ ساتھ سری لنکا کرکٹ نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو بھی تجویز پیش کی ہے کہ وہ مارچ میں بنگلہ دیش میں طے شدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے حوالے سے اگر تشویش کا شکار ہے اور اسے نئے مقام پر منتقل کرنا چاہتا ہے تو سری لنکا اس کی میزبانی کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کشیدہ حالات کے دوران دورے پر موجود ویسٹ انڈیز انڈر 19 ٹیم پر پتھراؤ بھی ہوا اور ان کے چٹاگانگ میں ان کے ہوٹل کے قریب دھماکہ بھی سنا گیا جس کے بعد مہمان ٹیم دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ گئی۔