جیتا آسٹریلیا، نقصان پاکستان کا

0 1,021

آسٹریلیا نے سڈنی میں 281 رنز کی واضح فتح کے ساتھ ایشیز سیریز میں کلین سویپ کرکے نہ صرف عالمی درجہ بندی میں ایک ممتاز مقام حاصل کرلیا ہے بلکہ انگلستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی نقصان سے دوچار کردیا ہے۔

آسٹریلیا کلین سویپ کے ذریعے انگلستان اور پاکستان کو پھلانگتا ہوا تیسرے نمبر پر آ گیا ہے (تصویر: AFP)
آسٹریلیا کلین سویپ کے ذریعے انگلستان اور پاکستان کو پھلانگتا ہوا تیسرے نمبر پر آ گیا ہے (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے اعلامیہ کے مطابق جب ماہ نومبر میں ایشیز سیریز کا آغاز ہوا تھا تو آسٹریلیا 101 پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن پر تھا جبکہ جنوبی افریقہ، بھارت، انگلستان او رپاکستان بالترتیب ابتدائی چاروں نشستوں پر قابض تھےلیکن آسٹریلیا نے انتہائی یکطرفہ مقابلوں کے بعد پانچویں ٹیسٹ میچز میں فتوحات سمیٹیں اور اب 10 پوائنٹس حاصل کرکے عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن پر براجمان ہو گیا ہے جبکہ انگلستان چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔

ایشیز 2013-14ء کے اختتام پر تازہ ہونے والی عالمی درجہ بندی کے مطابق جنوبی افریقہ 133 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے اور دور دور تک کوئی اس کا مقابل نہیں ہے کیونکہ دوسرے نمبر پر موجود بھارت کے پوائنٹس کی تعداد 117 ہے۔ آسٹریلیا ملنے والے 10 پوائنٹس کی بدولت تیسری جبکہ انگلستان 107 کے ساتھ چوتھی اور پاکستان 102 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

آسٹریلیا اگلے ماہ یعنی فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گا جہاں دوسری پوزیشن کی سمت سفر کو مزید آسان بنانے کا موقع ملے گا جبکہ انہی ایام میں بھارت نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا، جس نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کو زیر کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2017ء میں طے شدہ اولین ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی وجہ سے عالمی درجہ بندی بہت اہمیت اختیار کرگئی ہے کیونکہ سرفہرست 4 ٹیمیں ہی انگلستان میں ہونے والی چیمپئن شپ کھیلنے کی اہل ہوں گی۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مطابق یکم مئی 2013ء سے 31 دسمبر 2016ء کے عرصے کو کوالیفائنگ پیریڈ قرار دیا گیا ہے اور اس دوران کھیلے گئے مقابلوں کی بنیاد پر سرفہرست چار ٹیمیں ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کھیلیں گی۔

ٹیسٹ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کرک نامہ کے اس خصوصی صفحے پر دیکھی جا سکتی ہے۔