حکومت کہے گی تو ایشیا کپ میں شرکت کریں گے: نجم سیٹھی

0 1,026

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے دفاعی چیمپئن پاکستان کے تمام تر خدشات کے بالائے طاق رکھتے ہوئے نہ صرف ایشیا کپ 2014ء بنگلہ دیش ہی میں منعقد کرنے کی ٹھانی ہے بلکہ پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر وہ نہ کھیلا تب بھی ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔ لیکن اس سخت موقف کے باوجود پاکستان کا لہجہ نرم نہیں ہوا۔

بنگلہ دیش میں زبردست پاکستان مخالف مظاہرے ہوئے، جن میں پاکستان کے پرچم تک نذر آتش کیے گئے (تصویر: Al Jazeera)
بنگلہ دیش میں زبردست پاکستان مخالف مظاہرے ہوئے، جن میں پاکستان کے پرچم تک نذر آتش کیے گئے (تصویر: Al Jazeera)

پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایشیا کپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ بنگلہ دیش کے حالات پر منحصر ہے۔

بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما عبد القادر ملا کو پھانسی دیے جانے کے خلاف پاکستان کی قومی اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے باعث پاکستان کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے ہیں اور پاکستان کے پرچم تک چلائے گئے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات بھی پرتشدد فضا میں منعقد ہوئے۔ صرف انتخابات کے دن دو درجن کے قریب افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

ان حالات میں جبکہ بنگلہ دیش میں سخت پاکستان مخالف فضاء پائی جاتی ہے، پی سی بی کے خدشات بالکل درست ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایشیا کپ میں ٹیم بھیجنے کے لیے پس و پیش سے کام لے رہا ہے۔

کرک نامہ سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم اس وقت بنگلہ دیش کے حالات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ سے مستقل رابطے میں ہیں اور حکومتی مشورے کے بغیر اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرنا بورڈ کے لیے مشکل کام ہے۔

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی اس وقت بنگلہ دیش کے پاس ہے اور ہفتے کو سالانہ عمومی اجلاس میں چیف ایگزیکٹو اشرف الحق نے واضح طور پر کہا کہ اے سی سی بہرصورت ٹورنامنٹ بنگلہ دیش ہی میں کروائے گی اور اگر پاکستان اس میں شرکت نہیں کرے گا تو یہ پہلا موقع نہیں ہوگا کہ پاکستان و بھارت جیسے ممالک بغیر ایشیا کپ کھیلا گیا ہو۔ گو کہ انہوں نے پاکستان سمیت دیگر ٹیموں کو یقین دلایا کہ آئندہ ماہ ڈھاکہ میں ٹیموں کو غیر ملکی سربراہان جیسی سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

ایشیا کپ 2014ء اگلے ماہ یعنی فروری کی 27 تاریخ سے شروع ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ درحقیقت بھارت میں کھیلا جانا تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے سخت شیڈول کے باعث میزبانی سے انکار کردیا جس پر ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کو نواز دیا۔