انڈر19 ورلڈ کپ: 30 رکنی ابتدائی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

0 1,140

پاکستان نے آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے 30 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان کردیا ہے جبکہ حتمی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ٹرائل مقابلوں کے بعد ہوگا۔

پاکستان انڈر19 ورلڈ کپ میں پہلا مقابلہ بھارت کے خلاف کھیلے گا (تصویر: Getty Images)
پاکستان انڈر19 ورلڈ کپ میں پہلا مقابلہ بھارت کے خلاف کھیلے گا (تصویر: Getty Images)

آئی سی سی انڈر10 ورلڈ کپ اگلے ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس کے لیے پاکستان نے سمیع اسلم، امام الحق اور ضیاء الحق کے علاوہ کل 30 کھلاڑیوں پر مشتمل ابتدائی ٹیم پیش کردی ہے جس میں سے 15 کھلاڑی فروری میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جائیں گے۔ حتمی ٹیم کا انتخاب 10 اور 11 جنوری کو لاہور میں دو ٹرائل مقابلوں کے بعد کیا جائے گا۔

انڈر 19 ورلڈ کپ 2014ء میں 16 ممالک شرکت کریں گے جن میں آئی سی سی کے 10 مکمل اراکین کے علاوہ میزبان متحدہ عرب امارات، افغانستان، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیوگنی اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔

پاکستان روایتی حریف بھارت، اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیوگنی کے ساتھ گروپ 'اے' میں ہوگا اور اپنا پہلا مقابلہ 15 فروری کو بھارت ہی کے خلاف کھیلے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 فروری کو دبئی میں ہوگا۔

اعلا ن کردہ 30 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

سمیع اسلم، عمران بٹ، حسین طلعت، امام الحق، امیر حمزہ، ظفر گوہر، کرامت علی، فہد فاروق، ضیا الحق، محمد آفتاب، محمد یعقوب، شایان جہانگیر، نور ولی، سعود شکیل، سیف اللہ خان، شہران ملک، حسن رضا، رافع احمد، کامران غلام، عرفان اللہ، سلمان سعید، نثار آفریدی، زین اللہ سید، عماد بٹ، اویس اقبال، عمران آفریدی، عمران رفیق، عتیق الرحمان، سمیع اللہ اور محمد عمیر۔