رمیز راجہ کی محمد یوسف پر کڑی تنقید، داڑھی کو بھی نشانہ بنا ڈالا

9 1,085

پاکستان کے اولین اسپورٹس چینل 'جیو سوپر' کو طویل عرصے بعد پاکستان کی کوئی سیریز نشر کرنے کا موقع ملا اور اس 'تاریخی' موقع پر دو تجزیہ کاروں نے 'رنگ میں بھنگ' ڈال دی۔ سابق کپتان رمیز راجہ اور محمد یوسف بجائے تجزیہ کرنے کے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے شروع ہوگئے۔

رمیز ماضی میں بھی یوسف کے سخت ناقد رہے ہیں (تصویر: Getty Images)
رمیز ماضی میں بھی یوسف کے سخت ناقد رہے ہیں (تصویر: Getty Images)

گزشتہ دن محمد یوسف نے رمیز راجہ کی کارکردگی پر تبصرہ کیا تھا کہ رمیز محض انگریزی اچھی بولتے ہیں ، وہ کھلاڑی زیادہ اچھے نہیں تھے اور کھیل کے چوتھے دن آغاز سے قبل پروگرام 'سوپر آئی' میں رمیز راجہ نے ان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے نہ صرف ان کی کارکردگی بلکہ داڑھی اور مذہب کی تبدیلی کو بھی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ محمد یوسف ایک عظیم بیٹسمین نہیں بلکہ ایک خودغرض انسان ہیں اور کبھی بھی پاکستان کے لیے میچ ونر کھلاڑی نہیں رہے۔ انہوں نے کہاکہ چاہے عالمی کپ کے مقابلے ہوں یا آسٹریلیا اور انگلستان کی وکٹوں پر کارکردگی، یوسف کبھی متاثر کن نہیں رہے۔

رمیز راجہ نے صرف کارکردگی ہی کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ بنیادی اخلاقیات کا دامن بھی چھوڑ بیٹھے اور کہا کہ محمد یوسف اقلیتی مذہب (عیسائیت) کو چھوڑ کر مسلمان ہوئے، اس لیے ہمیشہ ہی دفاعی انداز اختیار کرتے ہیں اور اب بھی انہوں نے یہی طریقہ اپنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف اس قابل نہیں کہ انہیں کسی ٹیلی وژن چینل پر بٹھا کر ان سے تبصرے کروائے جائیں۔

سابق اوپننگ بلے باز اور معروف تبصرہ کار نے کہا کہ محمد یوسف تجزیہ کاری کے شعبے میں نئے بلکہ ان کے سامنے بچے ہیں، اس لیے سنبھل کر بات کریں۔ انہوں نے محمد یوسف کی داڑھی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسی داڑھی رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں جب دل میل سے بھرا ہوا ہو۔