ڈینیل ویٹوری کا ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

1 1,024

نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری نے ٹی ٹوئنٹی طرز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی کپ 2011ء کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد وہ پہلے ہی ایک روزہ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہو چکے ہیں اور ٹیسٹ میچز پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

ڈینیل ویٹوری

کولمبو میں سری لنکا کے خلاف عالمی کپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ڈینیل ویٹوری نے کہا تھا کہ وہ ایک روزہ کرکٹ سے کچھ وقفہ لینا چاہتے ہیں تاہم یہ میچ ان کا آخری میچ نہیں تھا البتہ وہ اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ چھ ماہ بعد زمبابوے کے دورے میں ایک روزہ کرکٹ میں ایکشن میں نظر آئے گا اور ویٹوری کا کہنا ہے کہ یہ کافی وقت ہے کہ وہ ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچیں اور اپنے اہل خانہ سے مشورہ کریں۔ البتہ انہوں نے تصدیق کی کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ کھیلنے کی بڑی وجہ ٹیسٹ کرکٹ ہے، اپنے لیے بھی اور ٹیم کے لیے بھی، کیونکہ ایک ٹیسٹ میچ جیتنے سے بہتر کوئی احساس نہیں ہے۔

منگل کو سری لنکا کے خلاف شکست عالمی کپ کے سیمی فائنلز میں نیوزی لینڈ کی چھٹی شکست ہے لیکن ویٹوری کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ سے ہماری ٹیم کے بارے میں بہت مثبت عوامل ابھر کر آئے ہیں۔ انہوں نے روز ٹیلر، جیکب اورم اور ٹم ساؤتھی کے کردار کو سراہا اور ناتھن میک کولم کو ابھرتا ہوا نیا باؤلر قراردیا۔

ڈینیل ویٹوری نے 32 ٹیسٹ، 82 ایک روزہ اور 28 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی۔ عالمی کپ 2011ء کے دوران زخمی ہونے کے بعد ڈینیل کی عدم موجودگی میں روز ٹیلر نے ان کی جگہ قیادت سنبھالی تاہم ابھی ان کے کل وقتی جانشیں کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔