ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا ون ڈے میں کلین سویپ کی جانب گامزن

1 1,018

ایشیز سیریز کے آغاز سے قبل تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ آسٹریلیا کلین سویپ کرے گا لیکن میزبان نے ایسا کر دکھایا اور اب اس کے حوصلے اس مقام تک پہنچ چکے ہیں کہ ایک روزہ مرحلے کے ابتدائی تینوں مقابلوں میں ہی سیریز کا فیصلہ کردیا ہے۔

آج شاید ڈیوڈ وارنر کا دن تھا، بہترین فیلڈنگ اور شاندار بیٹنگ اور مرد میدان کا اعزاز (تصویر: Getty Images)
آج شاید ڈیوڈ وارنر کا دن تھا، بہترین فیلڈنگ اور شاندار بیٹنگ اور مرد میدان کا اعزاز (تصویر: Getty Images)

گابا میں سنسنی خیز مقابلہ جیتنے کے بعد سڈنی میں آسٹریلیا نے انتہائی جامع کارکردگی دکھائی۔ بیٹنگ کے لیے ایک سازگار وکٹ پر ٹاس جیتنے کے باوجود نہ صرف باؤلنگ بلکہ شاندار فیلڈنگ کے ذریعے بھی 243 رنز تک محدود کیا اور پھر ڈیوڈ وارنر اور شان مارش کی بلے بازی کی بدولت 40 اوورز ہی میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف بھی حاصل کرلیا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والے انگلستان کو ایلسٹر کک اور این بیل نے 50 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن کپتان کی روانگی کے بعد انگلستان کو زبردست دھچکا اس وقت پہنچا جب ڈیوڈ وارنر نے این بیل کا ناقابل یقین رن آؤٹ کیا۔ پے در پے شکستوں سے بے حال انگلش ٹیم کے قدم ایسے لڑکھڑائے کہ مڈل آرڈر میں ایون مورگن کے 54 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ مورگن خود بھی ڈین کرسچن کے اپنی ہی گیند پر پکڑے گئے بہترین کیچ کا نشانہ بنے۔ اگر اننگز کے حتمی لمحات میں ٹم بریسنن 29 گیندوں پر 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز نہ کھیلتے تو شاید انگلستان اس مجموعے تک بھی نہ پہنچ پایا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کولٹر-نائل نے تین، جیمز فاکنر اور ڈین کرسچن نے دو، دو جبکہ زاویئر ڈوہرٹی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 7 ویں اوور میں آرون فنچ کی صورت میں ضرور گری لیکن اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور شان مارش کی 78 رنز کی شراکت داری نے آسٹریلیا کی اننگز کو پٹری سے نہ اترنے دیا۔ فیلڈنگ میں اپنے کمالات دکھانے کے بعد وارنر 70 گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنا گئے اور بعد ازاں مرد میدان بھی قرار پائے۔ آسٹریلیا کو 244 رنز تک پہنچنے کے لیے صرف مائیکل کلارک ہی کی وکٹ مزید گنوانا پڑا اور 40 ویں اوور ہی میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو جا لیا۔ شان مارش 89 گیندوں پر 71 رنز کے ساتھ ناقابل شکست میدان سے لوٹے۔

اب دونوں ٹیموں کا اگلا مقابلہ 24 جنوری کو پرتھ میں ہوگا۔ گو کہ سیریز تین-صفر سے آسٹریلیا کے نام ہوچکی ہے لیکن میزبان ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ میں بھی نئے سال کا بہترین آغاز کرنے کا خواہاں ہوگا اور ایک روزہ سیریز میں بھی کلین سویپ سے بڑا سال نو کا تحفہ اور کیا ہوگا؟ اس لیے اب تمام تر نظریں ہیں کلین سویپ پر!