دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان، بیلی کو نکال دیا گیا

2 1,034

انگلستان کو چاروں شانے چت کرنے کے بعد اب آسٹریلیا کا بڑا امتحان شروع ہونے والا ہے، عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز۔ روایتی حریف کے خلاف گزشتہ سال کی ایشیز شکست کا بدلہ چکانے کے بعد آسٹریلیا اب تین ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز جنوبی افریقہ کی سرزمین پر کھیلے گا۔

جارج بیلی کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہی میں اپنی کارکردگی سے متاثر نہ کرسکے (تصویر: Getty Images)
جارج بیلی کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہی میں اپنی کارکردگی سے متاثر نہ کرسکے (تصویر: Getty Images)

اعلان کردہ 15 رکنی دستے میں سب سے اہم اخراج ٹی ٹوئنٹی کپتان جارج بیلی کا ہے جو حالیہ 5 مقابلوں میں صرف 26.14 کے اوسط سے 183 رنز ہی بنا پائے، جس میں ان کی بہترین اننگز 53 رنز کی تھی ۔ بیلی کو کافی عرصے تک محدود اوورز میں آسٹریلیا کی نمائندگی اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد حالیہ ایشیز میں پہلی بار ٹیسٹ کھیلنے کا موقع دیا گیا۔ لیکن اب توقعات پر پورا نہ اترنے کے بعد انہیں باہر کا دروازہ دکھا دیا گیا ہے۔

جارج بیلی کی جگہ شان مارش کو دی گئی ہے جو سات ٹیسٹ میچز کے کیریئر کے پہلے مقابلے میں 141 اور دوسرے میں 81 رنز بنانے کے بعد کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ گزشتہ 7 ٹیسٹ اننگز میں مارش نے صرف 17 رنز رنز بنائے ہیں جبکہ اس میں چار مرتبہ وہ صفر پر بھی آؤٹ ہوئے۔ شاید آسٹریلیا نے بھی پاکستان کی طرح ایک روزہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو کارکردگی دکھانے کا موقع دیا ہے جیسا کہ شان مارش کے علاوہ جیمز فاکنر کی شمولیت سے ظاہر ہے۔

بہرحال، ان کے علاوہ اسکواڈ میں شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں تیز باؤلر جیمز پیٹن سن، جیکسن برڈ اور آل راؤنڈر جیمز فاکنر شامل ہیں جبکہ مارش کے علاوہ بلے بازوں میں 28 سالہ ایلکس ڈولان کا اضافہ کیا گیا ہے، جو 15 رکنی دستے کے واحد کھلاڑی ہیں، جنہیں ابھی تک ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔

حالیہ شاندار فتوحات کی بدولت آسٹریلیا عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے اور اب اس کی نظریں جنوبی افریقہ کے خلاف فتوحات کے ذریعے بھارت کی جگہ نمبر دو پوزیشن سنبھالنے پر مرکوز ہوں گی لیکن اس کے لیے کارکردگی کے علاوہ دعاؤں بھی درکار ہوں گی کہ بھارت نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ناکام رہے۔

آسٹریلیا-جنوبی افریقہ پہلا ٹیسٹ 12 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا جبکہ اگلے دو ٹیسٹ میچز پورٹ ایلزبتھ اور کیپ ٹاؤن میں ہوں گے۔

اعلان کردہ ٹیم آسٹریلوی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مائیکل کلارک (کپتان)، بریڈ ہیڈن (نائب کپتان)، اسٹیون اسمتھ، ایلکس ڈولان، پیٹر سڈل، جیکسن برڈ، جیمز پیٹن سن، جیمز فاکنر، ڈیوڈ وارنر، راین ہیرس، شان مارش، شین واٹسن، کرس راجرز، مچل جانسن اور ناتھن لیون۔