عالمی کپ 2011ء فائنل؛ علیم ڈار اور سائمن ٹوفل امپائرز مقرر

0 1,029
سائمن ٹوفل اور علیم ڈار (فائل فوٹو)

دنیائے کرکٹ کے دو بہترین امپائر پاکستان کے علیم ڈار اور آسٹریلیا کے سائمن ٹوفل عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ عالمی کپ کا یہ آخری اور حتمی مقابلہ 2 اپریل کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

این گولڈ میچ میں تیسرے جبکہ اسٹیو ڈیوس چوتھے امپائر ہوں گے۔ چیف کرو میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے امپائرز کے ایلیٹ پینل کے دو نوجوان ترین یہ اراکین کئی مرتبہ سال کے بہترین امپائر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں جن میں سائمن ٹوفل 2004ء سے 2008ء تک مسلسل پانچ سال جبکہ علیم ڈار 2009ء اور 2010ء میں مسلسل دو مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔

دونوں امپائر اس سے قبل بھی عالمی کپ میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2007ء کے عالمی کپ کے فائنل میں علیم ڈار بھی امپائر کی حیثیت سے موجود تھے جو آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تاہم کم روشنی کے حوالے سے قوانین کا درست انداز میں اطلاق نہ کرنے اور فائنل میچ کے مضحکہ خیز انجام کے باعث انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سائمن ٹوفل 2004ء کی چیمپیئنز ٹرافی اور جنوبی افریقہ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔

اک ایسے ٹورنامنٹ میں جہاں کھلاڑیوں کو امپائر کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اس کو چیلنج کرنے کا حق حاصل ہو، امپائرنگ کرنا یقینا ایک بہت مشکل کام ہے لیکن علیم ڈار اور سائمن ٹوفل نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا حتی کہ علیم ڈار کے ہر فیصلے کی تیسرے امپائر نے توثیق کی اور ان کی جانب سے کیا جانے والا کوئی بھی فیصلہ اب تک غلط ثابت نہیں ہوا.