دورۂ بنگلہ دیش؛ مائیکل کلارک آسٹریلیا کے کپتان مقرر

0 1,023

آسٹریلیا نے دورۂ بنگلہ دیش کے لیے مائیکل کلارک کو کپتان مقرر کر دیا ہے۔

عالمی کپ 2011ء کے کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد رکی پونٹنگ نے قیادت سے استعفے کا اعلان کر دیا تھا تاہم انہیں دورے کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ مائیکل کلارک کو ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیموں کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ کیمرون وائٹ ٹی ٹوئنٹی میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

مائیکل کلارک

آل راؤنڈر شین واٹسن کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کا سونپا جانا ان کے لیے باعث فخر ہے لیکن انہیں یہ توقع نہ تھی کہ رکی پونٹنگ قیادت چھوڑ دیں گے۔

دورۂ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں مختلف تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ زاویئر ڈوہرٹی کو جیسن کریزا کی جگہ بطور اسپنر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے شان ٹیٹ کی جگہ جیمز پیٹن سن کو جگہ دی گئی ہے۔ ڈیوڈ ہسی اپنی اہلیہ کے ہاں بچے کی پیدائش کے باعث دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

دورۂ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ آسٹریلین اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

مائیکل کلارک (کپتان)، شین واٹسن (نائب کپتان)، اسٹیو اسمتھ، بریٹ لی، بریڈ ہیڈن (وکٹ کیپر)، جان ہیسٹنگز، جیمز پیٹن سن، رکی پونٹنگ، زاویئر ڈوہرٹی، کیلم فرگوسن، کیمرون وائٹ، مائیک ہسی، مچل جانسن اور ٹم پین(وکٹ کیپر)۔