آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز، جنوبی افریقی دستے کا اعلان

1 1,033

عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے لیے سال کا پہلا بڑا امتحان شروع ہونے والا ہے، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جس کے لیے 15 رکنی مضبوط اسکواڈ کا اعلان آج کیا گیا ہے۔

اٹھارہ سالوں کے بعد پہلی بار ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے ژاک کیلس کا نام زیر غور نہ تھا (تصویر: AP)
اٹھارہ سالوں کے بعد پہلی بار ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے ژاک کیلس کا نام زیر غور نہ تھا (تصویر: AP)

آسٹریلیا کے خلاف 2012ء میں کھیلی گئی گزشتہ سیریز میں 37 اوورز میں 260 رنز کی بدترین مار کھانے والے عمران طاہر کو اب دوبارہ انہی بلے بازوں کے روبرو نہيں کھلایا گیا جبکہ حال ہی میں ریٹائرمنٹ لینے والے عظیم آل راؤنڈر ژاک کیلس کی جگہ بھی پر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ جنوبی افریقہ نے راین میک لارن اور وین پارنیل کو اسکواڈ میں طلب کیا ہے جبکہ دونوں میں سے ایک ہی کیلس کی جگہ حتمی الیون میں جگہ پاسکے گا۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا معرکہ 12 فروری سے سنچورین میں شروع ہوگا۔

انگلستان کو حالیہ ایشیز سیریز میں پانچ-صفر کی بدترین شکست دینے کے بعد آسٹریلیا کے حوصلے بھی بلند ہوں گے جبکہ عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ ویسے ہی اپنے گھریلو میدانوں پر دنیا کا سخت ترین حریف سمجھا جاتا ہے اس لیے شائقین کو توقع ہے کہ ایک زبردست سیریز دیکھنے کو ملے گی۔

اعلان کردہ جنوبی افریقی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

گریم اسمتھ (کپتان)، ابراہم ڈی ولیئرز، تھامی تسولی کیلے ڈیل اسٹین، ڈین ایلگر، رابن پیٹرسن، راین میک لارن، روری کلائن ویلٹ، ژاں-پال دومنی، فرانکو دو پلیسی، مورنے مورکل، ہاشم آملہ، ویرنن فلینڈر، الویرو پیٹرسن اور وین پارنیل۔