متحدہ عرب امارات اور اسکاٹ لینڈ نے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا

1 1,047

عالمی کپ 2015ء کے آغاز میں اب صرف ایک سال کا عرصہ ہی باقی رہ گیا ہے اور جہاں ایک جانب تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں وہیں ایک، ایک کرکے تمام مدمقابل ٹیمیں بھی طے ہوتی جا رہی ہیں، جیسا کہ آج فیصلہ ہوا کہ متحدہ عرب امارات اور اسکاٹ لینڈ وہ آخری دو ٹیمیں ہیں جو اگلے سال عالمی کپ کھیلیں گی۔

متحدہ عرب امارات نے 1996ء کے بعد پہلی بار عالمی کپ میں جگہ پائی ہے (تصویر: ICC)
متحدہ عرب امارات نے 1996ء کے بعد پہلی بار عالمی کپ میں جگہ پائی ہے (تصویر: ICC)

نیوزی لینڈ میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کوالیفائرز کے سپر سکس مرحلے کے آخری دن اسکاٹ لینڈ اور عرب امارات نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر عالمی کپ کے لیے نشسپ پکی کرلی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آخری روز ہونے والے تینوں مقابلوں میں 'مارو یا مر جاؤ' والی صورتحال تھی لیکن امارات نمیبیا کے خلاف 36 رنز جبکہ اسکاٹ لینڈ کینیا کے خلاف تین وکٹوں کی سنسنی خیز فتح کے ساتھ عالمی کپ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ہانگ کانگ کو پاپوا نیوگنی کے خلاف فتح بھی عالمی کپ تک نہ پہنچا سکی۔

متحدہ عرب امارات نے رنگیورا اوول، کرائسٹ چرچ میں ہونے والے سپر سکس کے اپنے آخری مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دوسری وکٹ پر امجد علی اور کپتان خرم خان کے درمیان 100 رنز کی شراکت داری کی بدولت ایک اچھے اسکور کی بنیاد رکھی۔ دونوں کھلاڑی بدقسمتی سے نصف سنچری تک نہ پہنچ پائے اور بالترتیب 46 اور 49 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شیمان انور کے 47 اور سوپنیل پٹیل کے 38 رنز نے اہم حصہ ڈالا یہاں تک کہ لوئس کلازنگا نے لوئر آرڈر پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کرلیں اور پوری ٹیم آخری اوور میں 263 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں نمیبیا ہدف کے تعاقب میں کچھ سست رہا اور کپتان ساریل برجر کے 54 رنز اور گیری سنمین کے 48 اور نکولاس شولٹز کے 3 رنز کے باوجود 227 تک ہی پہنچ پایا اور ہدف سے 37 رنز کے فاصلے پر تکتا ہی رہ گیا۔

متحدہ عرب امارات کی تربیت پاکستان کے سابق تیز باؤلر عاقب جاوید کے پاس ہے جنہوں نے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔

دوسرے مقابلے میں اسکاٹ لینڈ نے کینیا کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کے بعد آخری اوور میں محض تین وکٹوں سے فتح حاصل کی اور عالمی کپ میں جگہ پائی۔ کینیا کو 260 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اسکاٹ لینڈ نے کپتان پریسٹن مومسن کے 78 رنز کی بدولت اس وقت ہدف کو پایا جب صرف تین گیندیں باقی تھیں۔ کینیا کی جانب سے اوپنر ایلکس اوبنڈا نے 89 رنز کی صورت میں دن کی سب سے بڑی اننگز کھیلی، لیکن ان کی یہ بہترین باری رائیگاں گئی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے دیگر اہم اننگز میتھیو کراس نے 55 رنز اور راب ٹیلر نے ناقابل شکست 46 رنز کی صورت میں کھیلیں۔

عالمی کپ کوالیفائر کے راؤنڈ رابن مرحلے کے اختتام پر عرب امارات اور اسکاٹ لینڈ دونوں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر متحدہ عرب امارات سب سے آگے ہے اور سرفہرست دونوں مقامات حاصل کرکے یہ دونوں ممالک عالمی کپ کے لیے نشست پکی کرچکے ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے تاریخ میں صرف ایک بار عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا جب اس نے 1996ء میں پاکستان، بھارت اور سری لنکا میں کھیلے گئے عالمی کپ میں شرکت کی تھی۔ جبکہ اسکاٹ لینڈ انگلستان میں 1999ء اور ویسٹ انڈیز میں 2007ء میں ہونے والے عالمی کپ ٹورنامنٹس کھیل چکا ہے۔

اب امارات اور اسکاٹ لینڈ دونوں ہفتے کو کرائسٹ چرچ میں فائنل کھیلیں گے، جس کے بعد یہ طے پا سکے گا کہ کون سی ٹیم عالمی کپ میں کس پول میں ہوگی۔

عالمی کپ 14 فروری سے 29 مارچ 2015ء تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 7، 7 کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان ٹیموں میں 10 آئی سی سی کے مکمل اراکین ہیں جبکہ چار کوالیفائرز ہیں جن میں سے دو یعنی افغانستان اور آئرلینڈ پہلے ہی عالمی کپ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ آج مزید دو کا بھی فیصلہ ہوگیا۔