انگلستان کی شکستوں کا نہ ٹوٹتا ہواسلسلہ، ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ہار گیا

2 1,028

پہلے ٹیسٹ، پھر ون ڈے اور اب ٹی ٹوئنٹی، شکستوں کا ایک نہ ٹوٹنے والا سلسلہ ہے جو انگلستان کے نصیب میں لکھ دیا گیا ہے۔ شاید یہ انگلستان کی کرکٹ تاريخ کا بدترین دورۂ آسٹریلیا ہو جس میں ابھی تک ٹیم صرف ایک مقابلہ جیت پائی ہے، باقی 11 مقابلوں میں سے 10 میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

جارج بیلی کی فارم میں شاندار انداز سے واپسی، 28 گیندوں پر 60 ناقابل شکست رنز (تصویر: Getty Images)
جارج بیلی کی فارم میں شاندار انداز سے واپسی، 28 گیندوں پر 60 ناقابل شکست رنز (تصویر: Getty Images)

ملبورن کے تاریخی میدان میں ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں، جہاں انگلستان کو سیریز زندہ رکھنے کے لیے لازمی فتح کی ضرورت تھی، وہ بہت بری طرح ناکام ہوا اور آسٹریلیا 8 وکٹوں سے مقابلہ اور سیریز لے اڑا۔ یہاں نہ صرف بیٹنگ بلکہ باؤلنگ میں بھی اس کی ایک چال نہ چلی۔ صرف ٹاس ہی وہ لمحہ تھا جہاں انگلش چہروں پر مسکراہٹ آئی ورنہ اس کے کچھ ہی دیر بعد جوش ہیزل ووڈ کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے اس کی تمام کوششیں بیکار ہی گئیں۔ جوش نے ساتھی باؤلر مچل اسٹارک کے ساتھ مل کر ابتدائی ہی میں انگلستان کی تین وکٹیں نکال دیں، جو ایسا دھچکا ثابت ہوا کہ پھر آخر تک کوئی انگلش بلے باز نہ رک پایا۔ پھر تقریباً 6 سال بعد آسٹریلوی ٹیم میں واپس آنے والے بریڈ ہوج کے ہاتھوں ایون مورگن کا شاندار رن آؤٹ سلسلۂ زوال کا نقطۂ آغاز تھا۔

ایون مورگن 6، جو روٹ 18، روی بوپارا 6 اور جوس بٹلر 22 رنز بنانے کے بعد منہ لٹکائے واپس آئے، یہاں تک کہ 7 وکٹیں گرنے پر بھی اسکور بورڈ پر محض 96 رنز تھے۔ آخری اوورز میں ٹم بریسنن نے کپتان اسٹورٹ براڈ کے ساتھ مل کر 34 رنز جوڑے اور 120 رنز کا پہلا پڑاؤ انگلستان پار کر پایا، جو ہرگز قابل دفاع مجموعہ نہیں تھا۔

جوش ہیزل ووڈ نے 30 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک، ایک وکٹ ناتھن کولٹر-نائیل، مچل اسٹارک اور جیمز موئرہیڈ کو ملی۔

صرف 131 رنز کے ہدف کا تعاقب اورپیہم فتوحات سے بلند حوصلگی پانے والا آسٹریلیا، 5 اوورز میں 48 رنز کا آغاز حاصل کرنے کے بعد اسے کون فتح سے روک سکتا تھا؟ کیمرون وائٹ گزشتہ مقابلے کی طرح یہاں بھی شاندار فارم میں نظر آئے اور ان سے بھی چار ہاتھ آگے کپتان جارج بیلی رہے جنہوں نے 8 اوورز میں 78 رنز کی ناقابل شکست رفاقت کے ذریعے انگلستان کو کچل کر رکھ دیا۔

کیمرون وائٹ نے 45 گیندوں پر ناقابل شکست 58 رنز بنائے جس میں 9 چوکے شامل تھے اور یوں بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آتے ہی دو مقابلوں میں اپنی بھرپور اہلیت ثابت کرکے خود کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے مضبوط امیدوار ثابت کردیا۔ دوسرے اینڈ سے جارج بیلی نے صرف 28 گیندوں پر تین چھکوں اور سات چوکوں کے ساتھ 60 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ جن کی مدد سے آسٹریلیا نے محض پندرہویں اوور میں ہدف کو جا لیا۔

جیڈ ڈرنباخ کے تین اوورز میں 42، براڈ کے 29 اور جیمز ٹریڈویل کے 3.5 اوورز میں 37 رنز لوٹے گئے۔

ہیزل ووڈ کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔