وقار یونس بھی کوچ کی دوڑ میں شامل، آفریدی سے صلح ہوگئی

4 1,056

پاکستان کی اگلی مہم جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، ہیڈ کوچ کے اہم ترین عہدے کے حصول کے لیے دوڑ دھوپ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور اب سابق کپتان و کوچ وقار یونس نے بھی باضابطہ طور پر عہدے کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔

ایک سابق قومی کپتان نے وقار یونس اور شاہد آفریدی کے درمیان صلح بھی کروا دی ہے (تصویر: AFP)
ایک سابق قومی کپتان نے وقار یونس اور شاہد آفریدی کے درمیان صلح بھی کروا دی ہے (تصویر: AFP)

ڈیو واٹمور کی دو سالہ مدت کی تکمیل کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے ساتھ معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور نئے کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں جنہیں جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے، اور آج ہی سابق کوچ وقار یونس نے بھی درخواست جمع کروا دی ہے۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ماضی میں میری موجودگی میں بورڈ میں جو بھی معاملات ہوئے، وہ اب حل ہوگئے ہیں اور ان تمام مسائل کے حل ہونے کے بعد ہی کوچ کے عہدے کے لیے درخواست جمع کروائی ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ مثبت شگون ہے کہ 90ء کی دہائی کے تمام بڑے کھلاڑی آج کرکٹ بورڈ میں اہم عہدوں پر فائز ہیں اور قومی کرکٹ کی رہنمائی کررہے ہیں۔ اس سے یقیناً پاکستان کرکٹ ترقی کی جانب رواں دواں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس نہ صرف اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں بلکہ یقینی طور پر کوچ کا عہدہ ایک مرتبہ پھر انہی کو ملے گا۔ وقار یونس کے ماضی میں شاہد آفریدی سے اختلافات رہ چکے ہیں، جس کی وجہ سے شاہد قیادت سے محروم بھی ہوئے اور بعد ازاں وقار یونس نے بھی ذاتی وجوہات کا بہانہ بنا کر کوچنگ چھوڑ دی لیکن اب ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے اور اس میں اہم کردار ایک سابق ٹیسٹ کھلاڑی کا رہا ہے جو اس وقت تبصرہ کاری سے وابستہ ہیں۔ شاہد آفریدی اور وقار یونس کے درمیان دبئی میں ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران بات چیت ہوئی ہے اور دونوں نے پرانی تلخ یادوں کو بھلا کر دوبارہ سے کرکٹ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ وقار اور آفریدی کے درمیان معاملات اس حد تک پہنچ جانے کے بعد تو یہ یقینی دکھائی دیتا ہے کہ واٹمور کی جگہ وقار یونس ہی سنبھالیں گے۔