ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے 15 رکنی انگلش دستے کا اعلان، معین علی شامل

0 1,066

انگلستان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے لیے 15 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں معین علی اور اسٹیفن پیری کی شکل میں دو نئے چہرے شامل کیے گئے ہیں۔ علاوہ حالیہ دورۂ آسٹریلیا میں بدترین کارکردگی کے باوجود جیڈ ڈرنباخ کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

معین علی گزشتہ سال پی سی اے کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں (تصویر: Getty Images)
معین علی گزشتہ سال پی سی اے کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں (تصویر: Getty Images)

انگلستان نے 2010ء میں ویسٹ انڈیز میں ہونے والا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تھا جو آئی سی سی کے زیر انتظام کوئی بھی پہلی ٹرافی تھی جو بابائے کرکٹ کے ہاتھ لگی۔ لیکن اس ٹورنامنٹ میں انگلش فتوحات میں کلیدی کردار ادا کرنے والے کیون پیٹرسن اب ٹیم میں موجود نہیں، جن پر چند روز قبل انگلستان کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند کردیے گئے۔ اب ان کی جگہ انگلستان کی انڈر19 ٹیم کے سابق کپتان معین علی کو جگہ دی گئی ہے جو بیٹنگ کے ساتھ ساتھ آف اسپن باؤلنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں اسپنرز کے لیے سازگار حالات ہی کو مدنظر رکھتے ہوئے لنکاشائر کے اسٹیفن پیری کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ 26 سالہ معین علی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کا بھی تجربہ رکھتے ہیں، جہاں وہ ڈیورنٹو راجشاہی کی جانب سے کھیل چکے ہیں، اس لیے سرزمین بنگال کے میدان ان کے لیے نامانوس نہیں ہیں۔

علاوہ ازیں انگلستان نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے بھی ٹیم کا اعلان کیا ہے جو کیریبیئن سرزمین پر تین ایک روزہ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے گی۔ اس دستے میں ناٹنگھم شائر کے بائیں ہاتھ کے تیز باؤلر ہیری گرنی نمایاں ہیں جنہیں اضافی باؤلر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 16 مارچ سے بنگلہ دیش میں شروع ہوگا جبکہ انگلستان اپنا پہلا مقابلہ 22 مارچ کو چٹاگانگ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ اس اہم ٹورنامنٹ سے قبل انگلش ٹیم 28 فروری سے ویسٹ انڈیز کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کھیلے گی اور حالیہ دورۂ آسٹریلیا میں بدترین شکست کے داغوں کو چند فتوحات کے ذریعے دھونے کی کوشش کرے گی۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اعلان کردہ انگلینڈ کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اسٹورٹ براڈ (کپتان)، اسٹیفن پیری، ایلکس ہیلز، ایون مورگن، بین اسٹوکس، ٹم بریسنن، جو روٹ، جوس بٹلر،جیڈ ڈرنباخ، جیمز ٹریڈویل، روی بوپارا، کرس جارڈن، لیوک رائٹ، مائیکل لمب اور معین علی۔